
ثانیہ نیاز
ہم سب بہت سے لوگوں کےجنازوں میں شریک ہوتے ہیں لیکن کبھی کبھی کوئی منظرآنکھوں کےسامنے ایسا گزر جاتا ہے کہ رونگٹے کھڑے ہو جاتے ہیں۔
جیسے وہ خاتون جن کے پاؤں ٹھنڈےہوچکےتھے،لوگ کہہ رہےتھے کہ ان کی روح نکل چکی ہے۔وہ دیکھنے میں اِتنی چھوٹی لگ رہی تھیں جیسےان کے جسم سے سارا خون نچوڑ لیا گیا ہو۔ وہ بے ہوش پڑی تھیں پھر اچانک تیز تیز سانس لینے لگیں۔ اِس پرسب لوگ زور زور سے سورہ یٰسین پڑھنے لگے۔
مجھے ایسا لگاجیسے میں موت کی ایک کھڑکی کےسامنے بیٹھی ہوں،جہاں سے کوئی بھی اپنا انجام دیکھ سکتا ہے۔مجھے ایسا لگاجیسےوہ کھڑکی کے پار چیخ چیخ کر اب بتانے لگے گی کہ ہمارے ساتھ بھی یہ ہو گا۔
اُس خاتون کےبارے میں بہت سی باتیں سن رکھی تھیں کچھ ان کی نیکی کےمتعلق، کچھ ان کےغرورکے بارےمیں، کچھ ان کی محبت اورنیک سیرتی کی مگر کچھ لوگ ایسے بھی تھے جو انہیں پسند نہیں کرتے تھےلیکن یہ وہ وقت تھا جب سب ان کے لیے دعا کر رہے تھے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب ہر کسی کو خوف آنے لگا، جب انسان کو اپنی موت کا ڈر ستانے لگا۔
لوگ مختلف باتیں کرنے لگے۔۔ کسی نےکہا "زم زم پلا دو"،کوئی سورہ یٰسین پڑھ رہا تھا، توکسی نےمغفرت کی دعائیں پڑھنی شروع کردیں۔ کچھ لوگ ان کی روح کے نکلنے کی باتیں کر رہے تھےتو کچھ کہہ رہے تھے: "ایسی باتیں سامنے مت کرو، وہ سن سکتی ہیں!"۔
مجھے ان سب کو دیکھ کر خوف آنے لگا، جب ہم صرف دیکھ کر ہی اِتنا ڈر جاتے ہیں، تو اُس انسان پر کیا گزرتی ہوگی جو اِن سب چیزوں سے گزر رہا ہوتا ہے؟ کیا یہ باتیں نیکی کی یاددہانی، نفرت کی گُفتگو، زم زم پلانے کی کوششیں، یا انجام دیکھ کر اپنی موت کا خیال اُس مرنے والے کے لیے کوئی فائدہ رکھتی ہیں؟ کیا وہ اُس وقت یہ سب سن رہی تھیں؟ یا صرف تکلیف میں تھیں؟ کیا اُنہیں مغفرت کی دعائیں سنائی دے رہی تھیں، یا سورہ یٰسین کی آوازیں، یا پھر لوگوں کی تکلیف دہ باتیں؟
چند دن بعد وہ کھڑکی خاتون کے ساتھ غائب ہوگئی، سب مصروف ہوگئے۔ وہ انجام جسےدیکھ کرخوف آیا تھا وہ وقت کےساتھ مانند پڑ گیالیکن دل میں کہیں نہ کہیں وہ خوف چھپا ہوتا ہے اور کبھی کبھی سرگوشی کرتا ہے کہ کسی دن ہم اس کھڑکی کے پار ہوں اور دوسرے اس کھڑکی سے دیکھنے پر خوف کھا رہے ہوں؟ دنیا تو ہے ہی فانی۔ اسی طرح ایک ایک کر کے ساری کھڑکیاں بند ہو جائے گی۔


































