
بنت خلیل/ بہاولپور
پیاری بہنو
حقیقت پسند ہونا ایک بہت بڑی خوبی ہے,افسوس کے ساتھ اکثر لوگوں میں یہ خوبی ناپید ہے، خاص طور
پر ہم جیسی پاپا کی پریوں میں۔ہم جس ماحول میں پرورش پاتی ہیں وہاں ہمیں سہانے خواب دکھائے جاتے ہیں ۔وعدوں، امیدوں اور خوابوں کی ایک دنیا میں جینا سکھایا جاتا ہے،وہ دنیا ہمیں سوشل میڈیا اور ڈراموں میں نظر آتی ہے۔مگر حقیقت اس سے کہیں مختلف ہوتی ہے۔
ارے پیاری لڑکیو!پاپا کی پری ہونا کوئی غلط بات نہیں،بیشک ہم نازک مزاج ہیں،بات بات پر رو دیتی ہیں،تھوڑا سا جذباتی بھی ہو جاتی ہیں مگر ہمیں صرف امیدوں اور وعدوں کے سہارے نہیں جینا چاہیے،جب کوئی کہے کہ“میں تمہارے لیے چاند تارے توڑ لاؤں گا”تو بس مسکرا دیا کروکیونکہ آج تک کون چاند تارے توڑ کر لایا ہے؟
لوگ وعدوں کے محل خوابوں میں تعمیر کرتے ہیں۔ ہم نے سیکھا ہے فقط ربؔ سے ہی امید رکھنا۔ یہ بات بھی نہیں کہ خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔خواب ضرور دیکھیں،ان شاءاللہ پورے بھی ہوں گےمگر اللہ کو چھوڑ کر لوگوں سے امید لگانا چھوڑ دیں کیونکہ جب دوسروں کے دکھائے ہوئے سہانے خواب دم توڑتے ہیں تو دل بہت روتا ہے۔
یہ بھی ضروری نہیں کہ جس نے خواب دکھائے وہ کوشش نہیں کر رہا گا ،ہو سکتا ہے وہ کر رہا ہو مگر کامیاب نہ ہو پا رہا ہویا پھر وہ خود بھی خوابوں کی دنیا میں جینے والا ایک انسان ہو۔اس لیے اپنی امید اللہ سے وابستہ کرو،وہ خالقِ کُل ہے،سب کچھ اسی کے ہاتھ میں ہے۔وہ تمہارے خوابوں میں ایسے ایسے رنگ بھرے گاجن کا تم تصور بھی نہیں کر سکتیں اور تمہارا دل سکون میں رہے گا۔


































