
درشہوارفرقان
ترکی کی محبت نے میرے قلم کو جنبش دی اور میں نے آنکھوں دیکھا حال قلم بند کرنے کی جسارت کی ۔چار دسمبر کی سرد رات کو استنبول ایئرپورٹ اتری
اور پھر اپنے ہوٹل میں قیام کیا صبح کے اجالے کے ساتھ ہی میں نے قریبی جگہوں کا انتخاب کیا اور اپنے ساتھ نقشہ رکھ لیا ،جگہوں کے انتخاب میں تعلیمی ادارے فنون لطیفہ کے ادارے اور تاریخی جگہیں شامل تھیں ـ۔
ہوٹل کے نزدیک ہی یہ "استنبول تزارم مرکزی" تھاـ جہاں خطاطی، کیلیگرافی ،پینٹنگز، موزاییک ورک وغیرہ کی تعلیم دی جاتی ہے ،وہاں کے اساتذہ سے مل کے نہایت خوشی ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ کس طرح ہم اپنے خیالات کو مصوری کے ذریعے معاشرے تک پہنچا سکتے ہیں۔ خطاطی میں اللہ کے کلام کو کس طرح خوبصورتی اور دلکشی سے پیش کر سکتے ہیں۔
ـ اس طرح نوجوانوں میں تخلیقی صلاحیتوں کا رجحان بڑھتا ہے، اس ادارے میں نوجوان لڑکیوں کی تعداد زیادہ دیکھی جو اس فن کو سیکھنے کا جذبہ رکھتی ہیں ـ، استنبول میں پہلی مرتبہ ٹرام میں بیٹھنے کا اتفاق ہوا جو نہایت جدید طرز کی شاندار ٹرام ہے جو کہ آپ کے سفر کو یادگار بنا دیتی ہے ،ـ استنبول میں پہلی مرتبہ ٹرام میں بیٹھ کر ترکی کی حکومت کی تعریف کیے بغیر نہیں رہ سکی جو اپنے عوام کو اتنی جدید سہولیات مہیا کر رہے ہیں ۔ـ اس کے علاوہ تفریحی سہولیات سے زر مبادلہ کما رہے ہیں۔
ـ اس کے بعد"پروفیسر ڈاکٹر فاٹ سیس گن انسٹیٹیوٹ آف ہسٹری اف سائنس اسلام فیکلٹی آف فائن آرٹ" جانے کا اتفاق ہوا جہاں پر طالب علموں کے بنائے گئے مختلف طرز کے نمونے دیکھنے کا موقع ملا ۔قدیم ترکی کی عکاسی،خطاطی، ایبسٹریکٹ آرٹ جیسے مختلف رنگوں کے امتزاج سے بنائی گئی تصاویر قابل تعریف تھیں۔ درسگاہ کی بلڈنگ نہایت ہی خوبصورت تھی ،جہاں طلبا کی ہر ضرورت کا خیال رکھا گیا تھا۔ ـ مصوری سیکھنے کے ساتھ ساتھ طالب علموں کے لیے مختلف تفریحی کھیل بھی موجود تھے۔ـ سب سے زیادہ قابل ذکر اور یادگار دن میرے لیے تھا کیونکہ اس دن میں "استنبول یونیورسٹی" شعبہ ادبیات گئی تھی ۔
بلند ستونوں والی یہ عمارت سڑک کے قریب ہی تھی لہٰذا رسائی آسان رہی،نہایت کشادہ رہداری ہوادار کمرہ جماعت کینٹین اور لفٹ کی سہولت بھی موجود تھی ـ ،یونیورسٹی میں ایک میوزیم بھی موجود تھا ،جہاں آثار قدیمہ کے باقیات کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ محفوظ کیا ہوا تھاـ، یونیورسٹی میں صفائی کا بہترین انتظام تھاـ و،ہاں کے استاد محترم سر راشد حق اور محترمہ آرزو صاحبہ سے ملاقات کا شرف حاصل ہواـ "شعبہ ادبیات" میں ان طالب علموں سے بھی ملاقات ہوئی جو اردو زبان سیکھ رہے تھے- اپنی مادری زبان کی اتنی اہمیت دیکھ کر سر فخر سے بلند ہو گیا ،یقینا ًاس میں اساتذہ کی گراں قدر خدمات ہیں جو اردو زبان سے محبت کرتے ہیں۔

" یوم اساتذہ" کی ایک موقع پر طالب علموں نے چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا تھا ،جہاں مجھے بھی مدعو کیا گیا ،مجھے اس دن ایسا محسوس ہوا جیسے میں کوئی بادشاہ ہوں اور یہ تمام میرے درباری ہیں۔ میری زبان کی صاف گوئی اور لہجے سے بہت متاثر ہوئے اور مجھ سے اردو زبان میں بات کرنے پر اصرار کرنے لگے پھر کیا تھا چونکہ میں بھی تعلیم کے شعبے سے وابستہ ہوں ،لہٰذا میرے لیے ایک سنہری موقع تھا کہ میں اپنی زبان کی ترویج کروں۔
ترکی اور پاکستان کی درسگاہوں کا موازنہ کرنا کسی لحاظ سے ٹھیک نہیں ترکی ایک ترقی یافتہ ملکوں کی فہرست میں ہے جبکہ پاکستان ابھی تک بنیادی سہولتوں سے محروم ہے مگر ہمارے نوجوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ دور حاضر میں بھی ہمارے ملک کے نوجوان فنون لطیفہ میں کارہائے نمایا سرانجام دے رہے ہیں ۔
ترکی زبان وہاں کے لوگوں کی طرح خوبصورت اور میٹھی ہے۔ وہاں پر لوگوں کے اخلاق بہت بلند ہیں۔ یہ لوگ نہایت ہی مہمان نواز اور مہربان ہیں ۔استنبول کی دکانیں کشادہ اور دیدہ زیب چیزوں سے آراستہ تھیں۔ زیادہ تر ہاتھ کی بنائی کے قالین، خوبصورت جائے نماز وغیرہ اس کے علاوہ قہوہ اور خشک میوہ جات کی دکانیں موجود تھیں۔ وہاں کے دکاندار نہایت با ادب اور خوش اخلاق ہیں۔

مجھے وہاں مختلف طرح کے قہوہ جات پینے کا اتفاق ہوا۔ استنبول کے گرینڈ اسپائس بازار قابل ذکر ہیں،جہاں ترکی ثقافت کے ساتھ ساتھ مختلف ملکوں کے ملبوسات، پرس وغیرہ کی اقسام نظر آئیں، اس کے ساتھ ساتھ میں نے کچھ تاریخی جگہوں کا بھی دورہ کیا جن میں آیا صوفیہ،بلو موسک،ٹاپ کپی پیلس،حضرت ابو ایوب انصاری کا مزار شامل ہیں ۔
مستقبل میں ترکی کے دوسرے شہروں کا دورہ کروں گی اور امید ہے کہ حکومتی سطح پر اردو زبان کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔


































