
ثمینہ الیاس
"ہاتھ پکڑ کر جینا سکھانے والے ہر ایک معلم کے نام"
ہر سال 5 اکتوبر کو دنیا بھر میں "عالمی یومِ اساتذہ" منایا جاتا ہے۔ اس دن جب ہم اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں تو عام طور پر ہمارے ذہن میں اسکول، کالج یا یونیورسٹی کے کلاس رومز اور تختہ سیاہ (بلیک بورڈ) کے سامنے کھڑے اساتذہ کی تصویر آتی ہے لیکن کیا استاد کا دائرہ صرف تعلیمی اداروں تک محدود ہے؟
ہرگز نہیں۔۔۔زندگی کا ہر وہ انسان جو آپ کو ایک قدم آگے بڑھنا سکھاتا ہے، آپ کا ہاتھ پکڑ کر ٹھوکر کھانے سے بچاتا ہے، وہ استاد ہے۔ آج اس خاص دن پر ہمیں استاد کے دائرے کو وسیع کرنا ہوگا اور ان تمام سکھانے والے اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہوگا جو زندگی کے مختلف موڑ پر ہمارے رہنما بنتے ہیں۔
اسکول کی چار دیواری سے باہر زندگی کے حقیقی استاد۔۔۔۔
استاد صرف وہ نہیں جو کتابی نصاب پڑھائے بلکہ استاد وہ ہے جو ہنر، سلیقہ اور زندگی جینے کا فن سکھائے۔ اس وسیع دنیا میں ہر وہ شخص استاد کا درجہ رکھتا ہے جو کچھ نہ کچھ سکھاتا ہے۔ماں کی گود سے زندگی کا پہلا سبق شروع ہوتا ہے ،ہماری سب سے پہلی استاد ہماری ماں ہوتی ہے جو ہمیں انگلی پکڑ کر چلنا، بولنا اور دنیا سے برتاؤ کرنا سکھاتی ہے۔
پیشہ ورانہ زندگی کے استاد وہ سینئرز اور باس جو دفتر میں کام کے دوران ہمیں غلطیوں سے بچاتے ہیں اور پروفیشنل گر سکھاتے ہیں، وہ بھی ہمارے استاد ہیں۔ہنر اور کاریگری سکھانے والے وہ کاریگر، استاد یا ٹرینر جو لوہے، لکڑی، سلائی یا ڈیجیٹل اسکرین پر انگلیوں کا ہنر سکھاتے ہیں، دراصل وہ بھی معاشرے کے معمار ہیں۔
زندگی کے تلخ تجربات بھی ہمارے استاد ہوتے ہیںاور کبھی کبھی ہمارے دوست، ہمارے مخالفین اور وقت کے تھپیڑے بھی ہمارے سب سے بڑے استاد بن جاتے ہیں جو ہمیں مضبوطی کا درس دیتے ہیں۔
سکھانے والا ہر شخص معتبر ہے۔۔۔
ہمیں یہ ماننا ہوگا کہ علم اور ہنر کا کوئی ایک منبع نہیں ہے جس نے بھی آپ کو زندگی میں کوئی اچھی بات بتائی، کوئی نئی ٹیکنالوجی سمجھائی، گاڑی چلانا سکھائی یا مشکل وقت میں حوصلہ دینا سکھایا، وہ آپ کا معلم ہے!!آپ کا استاد ہے۔اسلام اور ہماری روایات میں بھی سکھانے والے کو انتہائی بلند مقام دیا گیا ہے جس نے آپ کو ایک حرف بھی سکھایا، اس نے آپ پر احسان کیا۔
آئیے آج سب کا شکریہ ادا کریں۔۔۔
یومِ اساتذہ کا مقصد صرف روایتی اساتذہ کو یاد کرنا نہیں بلکہ زندگی کے ہر اس فرد کے لیےشکر گزاری کا اظہار کرنا ہے جس کی انگلی پکڑ کر ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔ چاہے وہ اسکول کا استاد ہو، گھر کا کوئی بزرگ، یا کام سکھانے والا کوئی سینئر۔آج کے دن اپنے ان تمام اساتذہ کو یاد کیجیے جنہوں نے زندگی کے کسی بھی موڑ پر آپ کو کچھ سکھایا ہو، انہیں فون کیجیے، ایک پیغام بھیجیے یا دل سے ان کے لیے دعا کیجیےکیونکہ "کچھ بھی کسی کو سکھاؤ، وہی استاد ہے"۔
زندگی کے ہر شعبے، ہر میدان اور ہر سطح پر سکھانے والے تمام اساتذہ کو دل کی گہرائیوں سے عالمی یومِ اساتذہ مبارک ہو۔


































