
ثمینہ الیاس
ماں کا رشتہ اس کائنات کا سب سے خوبصورت، مقدس اور انمول رشتہ ہے۔ پیدائش کے پہلے دن سے لے کر زندگی کے ہر موڑ تک ،ماں وہ پہلی ہستی ہے جو
انسان کی رہنمائی کرتی ہے۔ بچپن میں جب ہم بولنا، چلنا اور دنیا کو سمجھنا سیکھتے ہیں تو ہمارا یہ سارا سفر ماں کی آغوش سے شروع ہوتا ہے۔ اسی لیے کہا گیا ہے کہ "ماں کی گود بچے کی پہلی درس گاہ ہے"۔
تربیت کا پہلا اور مؤثر ترین ادارہ:۔
اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں ہمیں دنیاوی تعلیم اور ڈگریاں دیتی ہیں لیکن کردار سازی اور اخلاقیات کی بنیادی بنیاد صرف اور صرف ماں کی گود میں رکھی جاتی ہے۔ بچہ الفاظ سے زیادہ اپنے اردگرد کے ماحول سے سیکھتا ہے۔ ماں کا لہجہ، اس کا رویہ اور اس کا طرزِ زندگی بچے کی شخصیت کی تشکیل میں پہلا رنگ بھرتا ہے۔ ماں کی گود بچے کو وہ ذہنی سکون اور تحفظ فراہم کرتی ہے جو دنیا کی کسی اور جگہ ممکن نہیں۔ یہی تحفظ بچے کے اندر اعتماد پیدا کرتا ہے۔
مشاہدے کی طاقت: ۔
بچپن میں بچہ سب سے زیادہ اپنی ماں کو دیکھتا ہے۔ ماں کا اٹھنا، بیٹھنا، بولنا اور دوسروں سے پیش آنا بچے کے لاشعور میں نقش ہوجاتا ہے۔تاریخ گواہ ہے کہ جتنے بھی عظیم لوگ، مفکر، سائنسدان اور رہنما دنیا میں آئے، ان کی کامیابی کے پیچھے ایک باشعور ماں کی تربیت کا ہاتھ تھا جس نے ان کی پوری زندگی کا رخ بدل دیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ماں کے سکھائے ہوئے چھوٹے چھوٹے اسباق آگے چل کر انسان کو عظیم انسان بناتے ہیں۔
جدید دور میں ماں کی ذمہ داری:۔
آج کے اس ڈیجیٹل اور مصروف دور میں ماؤں پر ذمہ داری اور بھی زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اسکرین ٹائم اور سوشل میڈیا کے اس دور میں بچوں کی توجہ حاصل کرنا ایک چیلنج بن چکا ہے۔ ایسے میں ماں کا یہ فرض ہے کہ وہ بچوں کے ساتھ معیاری وقت گزاریں ،انہیں موبائل یا انٹرنیٹ کی دنیا میں تنہا چھوڑنے کے بجائے اچھی کہانیاں اور اسلامی اقدارسکھائیں۔ان کے اندر سوال پوچھنے کی عادت کو فروغ دیں تاکہ ان کی ذہنی نشوونما بہتر ہو۔
ماں کی گود صرف ایک درس گاہ نہیں بلکہ ایک ایسا کارخانہ ہے جہاں آنے والی نسلوں کا مستقبل ڈھلتا ہے۔ اگر ماں اپنے بچے کی تربیت میں محبت، صبر، سچائی اور اخلاق کا بیج بو دے، تو وہ بچہ معاشرے کے لیے ایک شجرِ سایہ دار بن جاتا ہے۔
اس لیے ہمیں اپنی ماؤں کی قدر کرنی چاہیے اور نئی ماؤں کو اس بات کا احساس دلانا چاہیے کہ ان کا یہ خاموش کردار دراصل پوری قوم کی تقدیر بدل رہا ہے۔


































