
ثمینہ الیاس
قرآن مجید صرف ایک کتابِ ہدایت نہیں بلکہ یہ کائناتِ انسانی کے لیے اللہ تعالیٰ کا وہ روشن معجزہ ہے جس کا اعجاز ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید
نکھر کر سامنے آرہا ہےجس طرح پچھلے انبیاء کے معجزات اپنے وقت کے ساتھ ختم ہو گئے۔ قرآن وہ واحد معجزہ ہے جو تاقیامت اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ و جاوید ہے اور رہے گا ۔
سب سے بڑی دلیل اس کافصاحت و بلاغت کا وہ اعلیٰ ترین معیار ہے جس نے عرب کے چوٹی کے شعرا اور فصحا کو عاجز کر دیا۔ قرآن نے چیلنج کیا کہ اس جیسی ایک سورہ ہی بنا کر لے آؤمگر تاریخ گواہ ہے کہ کوئی بھی اس کا جواب نہیں دے سکا۔علاوہ ازیں، قرآن مجید کی علمی اور سائنسی صداقت بھی اس کے کلامِ الہیٰ ہونے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آج کی جدید سائنس کائنات کی تخلیق، فلکیات اور انسانی جنینولوجی کے بارے میں جو انکشافات کر رہی ہے،قرآن مجید نے سورۃ المؤمنون (آیات 12-14) میں جنین کے بننے کے تمام مراحل (نطفہ، پھر 'علقہ' یعنی لٹکا ہوا لوتھڑا، پھر 'مضغہ' یعنی چبایا ہوا گوشت، پھر ہڈیوں کا بننا اور ان پر گوشت کا چڑھنا) انتہائی باریکی کے ساتھ بیان کیے ہیں۔
موڈیم سائنس کی اس شاخ ایمبرائیولو جی نے ان حقائق کی تصدیق کی ہے جو کہ قرآن مجید کا ایک عظیم علمی معجزہ ہے۔قرآن نے آج سے چودہ سو سال پہلے ان حقائق کو انتہائی جامع انداز میں بیان کر دیا تھا، اس دور کی ان پڑھ اور جاہل سوسائٹی میں ایسے حتمی اور درست سائنسی حقائق کا بیان خود اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ کسی بشر کا کلام نہیں ہو سکتا۔
ایک اور معجزانہ پہلو اس کی حفاظت کی ضمانت ہے۔ اللہ تعالیٰ نے خود اس کی حفاظت کا ذمہ لیا ہے یہی وجہ ہے کہ چودہ سو سال گزر جانے کے باوجود قرآن کا ایک ایک حرف ہی نہیں بلکہ اس کا زیر و زبر تک محفوظ ہے۔ دنیا کی کوئی دوسری کتاب اس فکری اور لفظی صداقت کا دعویٰ نہیں کر سکتی۔
آج بھی جب کوئی انسان پیاس بجھانے کے لیے اس کے دریائے حکمت کا رخ کرتا ہے، تو اسے اپنے ہر سوال کا تسلی بخش جواب ملتا ہے۔ قرآن دلوں کو چیر کر روح میں اتر جانے کی عجیب طاقت رکھتا ہے۔


































