
عشاء بنت فاروق
کراچی پاکستان کامعاشی مرکز اورسب سے بڑا شہرہے۔اسے"روشنیوں کا شہر" اور"قائد کا شہر"کہا جاتا ہے۔یہاں ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ ہے اور
60 فیصد سے زائد تجارتی سرگرمیاں یہیں سے چلتی ہیں۔ لاکھوں لوگ روزگار، تعلیم اور بہترمستقبل کی تلاش میں پورے پاکستان سے یہاں آتے ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آج وہی کراچی مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ بنیادی سہولیات کی کمی نے اس شہر کے رہنے والوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ ٹریفک اور ٹرانسپورٹ کا ہے۔ شہر کی بیشتر سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور گڑھوں سے بھری ہوئی ہیں۔ پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام ناکافی اور پرانا ہے۔ نتیجے میں عام آدمی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کے لیے گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسنا پڑتا ہے۔ اس سے نہ صرف وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ پیٹرول اور کرایوں کی صورت میں غریب پر اضافی بوجھ بھی پڑتا ہے۔
دوسرا سنگین مسئلہ پانی اور بجلی کی قلت ہے۔ کراچی میں میٹھے پانی کی شدید کمی ہے۔ شہرکے بیشتر علاقوں میں ہفتوں تک پانی نہیں آتا اور لوگ مجبوراً مہنگے ٹینکرز خریدتے ہیں۔ اسی طرح گرمیوں میں 11 سے 13 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔ بجلی نہ ہونے سے فیکٹریاں بند ہوتی ہیں، طلبہ کی پڑھائی متاثر ہوتی ہے اور گھروں میں مریض پریشان ہوتے ہیں۔
تیسرا مسئلہ صفائی اور سیوریج کے نظام کا ہے۔ شہر میں جگہ جگہ کچرے کےڈھیرلگےہوئے ہیں۔ نالےبند ہیں اورگندگی سے بدبو آتی رہتی ہے۔ جیسے ہی بارش ہوتی ہے پورا شہر تالاب بن جاتا ہے۔ سڑکیں ڈوب جاتی ہیں اور گھروں میں پانی گھس جاتا ہے۔ اس گندگی کی وجہ سے ڈینگی، ملیریا اور ہیضے جیسی بیماریاں عام ہو گئی ہیں۔
اس کے علاوہ مہنگائی اور بے روزگاری نے بھی عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے نوکریوں کے لیے دربدر ہیں۔ صنعتوں کی بندش اور مہنگے کرایوں کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہو رہا ہے۔ اگرچہ امن و امان کے حالات پہلے سے بہتر ہیں لیکن اسٹریٹ کرائم، موبائل اور موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں اب بھی لوگوں کے لیے خوف کا باعث ہیں لیکن ہر مسئلے کا حل موجود ہے بشرطیکہ سنجیدہ کوش کی جائے۔ سب سے پہلے کراچی میں ٹرانسپورٹ کے لیے گرین لائن اورنج لائن جیسے منصوبوں کو پورے شہر تک پھیلانا ہوگا اور میٹرو ٹرین کا خواب جلد پورا کرنا ہوگا۔ پانی کے مسئلے کے لیے واٹر بورڈ میں اصلاحات، پانی کی چوری کی روک تھام اور کینجھر جھیل سے فراہمی بڑھانا ضروری ہے۔ بجلی کے لیے متبادل توانائی کے منصوبے لگانے ہوں گے۔ صفائی کے لیے جدید مشینری اور کوڑے سے بجلی بنانے والے پلانٹ لگانے ہوں گے۔
سب سے اہم بات یہ ہے کہ حکومت، ادارے اور عوام مل کر کام کریں۔ ہم شہری بھی اپنا کردار ادا کریں۔ کچرا کوڑے دان میں ڈالیں، پانی ضائع نہ کریں اور ٹیکس ایمانداری سے دیں۔
کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ یہ پاکستان کی معاشی ریڑھ کی ہڈی ہے اگر آج ہم نے اسے نہ سنوارا تو کل بہت دیر ہو جائے گی۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ سیاست سے بالاتر ہو کراچی کو اس کا حق دیا جائے۔ اگر حکومت اپنی ذمہ داری نبھائے اور عوام اپنا فرض ادا کریں تو میرا یقین ہے کہ یہ "روشنیوں کا شہر" ایک دن پھر اپنی کھوئی ہوئی شان کے ساتھ چمکے گا۔


































