
عشاء بنت فاروق
ہم روزانہ ایسی گاڑیوں میں سفر کرتے ہیں جن کے ڈرائیور کو ہم جانتے تک نہیں۔ کار میں بیٹھتے ہی ہم سیٹ پر ٹیک لگا لیتے ہیں۔ کوئی موبائل چلانے لگتا
ہے، کوئی آنکھ بند کر کے سو جاتا ہے۔ بس میں سوار ہوتے وقت ہم یہ نہیں پوچھتے کہ ڈرائیور تجربہ کار ہے یا نہیں۔ ہم گپ شپ کرتے ہیں، کھڑکی سے باہر کا منظر دیکھتے ہیں۔
ٹرین میں چڑھ کر ہم نہ انجن چلانے والے کا نام جانتے ہیں نہ اس کی ڈگری،پھر بھی چائے پیتے ہیں، ہنستے ہیں، منزل کا انتظار کرتے ہیں اور جہاز میں تو معاملہ اور بھی عجیب ہے۔ چند منٹ میں ہم زمین سے ہزاروں فٹ اوپر ہوتے ہیں۔ پائلٹ کو دیکھا تک نہیں ہوتاپھر بھی ہم سکون سے سو جاتے ہیں۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ جن انسانوں کو ہم نے کبھی نہیں دیکھا جن کی مہارت کا کوئی ثبوت ہمارے پاس نہیں، ان پر ہم اتنا بھروسہ کر لیتے ہیں۔
تو پھر اس رب پر شک کیوں؟ وہ رب جس نے ہمیں پیدا کیا۔ جو پل پل ہمارے ساتھ ہے جس نے خود فرمایا: "وَهُوَ مَعَكُمْ أَيْنَ مَا كُنتُمْ" یعنی "وہ تمہارے ساتھ ہے جہاں کہیں بھی تم ہو"۔
وہی ہے جس نے آج تک ہمیں بغیر مانگے دیا جس نے ہماری خاموش دعائیں بھی سن لیں جس نے ہر مشکل کے بعد آسانی کا راستہ نکالا،پھر ڈپریشن کیوں؟ پریشانی کیوں؟ دل پر بوجھ کیوں؟ جس نے آج تک سنبھالا ہے وہ کل بھی سنبھالے گاجس نے بغیر کہے عطا کیا ،وہ مانگنے پر کیوں نہ نوازے گا۔
بس ایک کام کرنا ہے، یقین کر لینا ہے۔ دل کا بوجھ اس کے حوالے کر دینا ہےاور سکون سے جی لینا ہےکیونکہ سچ یہی ہے، تمہاری زندگی کی گاڑی اللہ خود چلا رہا ہےاور وہ سب سے بہترین ڈرائیور ہے۔


































