
عشاء بنت فاروق
اسلام کی بنیاد ہی "شکر" پر ہے۔ اللہ تعالیٰ نے قرآن میں فرمایا: اگر تم شکر کرو گے تو میں تمہیں اور
زیادہ دوں گا۔ لیکن ہم نے کبھی رُک کر خود سے پوچھا کہ کیا میں واقعی قدردان بندہ ہوں؟
قدردانی کا مطلب صرف زبان سے "الحمدللہ" کہنا نہیں۔ قدردان وہ ہے جو اللہ کی نعمتوں کو پہچانے، ان کا غلط استعمال نہ کرے اور بندوں کا بھی شکر ادا کرے۔ نبی کریم کا فرمان ہے: "من لم یشکر الناس لم یشکر اللّٰہ" جو لوگوں کا شکر ادا نہیں کرتا وہ اللہ کا بھی شکرگزار نہیں بن سکتا۔
ہم روز آنکھ کھولتے ہیں، سانس لیتے ہیں، کھانا کھاتے ہیں، سوتے ہیں، یہ سب نعمتیں ہیں۔ مگر ہماری زبان پر شکایت زیادہ اور شکر کم ہوتا ہے۔ بارش نہ ہو تو شکوہ، امتحان مشکل ہو تو رونا۔ مگر صحت ملی، ایمان ملا، قرآن ملا، امتِ محمدیہ میں پیدا ہوئے اس پر سجدہ کتنی بار کیا؟
سچا قدردان وہ ہے جو تکلیف میں بھی "اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْن" کہہ دے، کیونکہ وہ جانتا ہے آزمائش بھی نعمت ہے، گناہ جھاڑنے کا ذریعہ ہے۔ جو خوشی میں "الحمدللہ" کہے اور دوسروں کی خدمت کو عبادت سمجھے۔
آج خود سے سوال کریں:۔ میں نے آج اللہ کا کتنا شکر ادا کیا؟ ماں باپ کے لیے دعا کی؟ دوست کا احسان مانا؟ اگر نہیں، تو دیر نہیں ہوئی۔ شکر شروع کرنے کے لیے مالدار ہونا شرط نہیں، دل کا زندہ ہونا شرط ہے۔
یاد رکھیں، ناشکری نعمت چھین لیتی ہے اور شکر نعمت بڑھا دیتا ہے۔ تو آخر کبھی پوچھا ہے خود سے: میں قدردان ہوں؟ اگر جواب "کوشش کر رہا ہوں" ہے، تو سمجھ جائیں، آپ اللہ کے قریب ہیں۔


































