
عشاء بنت فاروق
خاندان معاشرے کی بنیادی اکائی ہے۔ ایک اچھا خاندان نہ صرف انسان کی تربیت کرتا ہے بلکہ اسے
محبت، احترام، تعاون اور اخلاقیات بھی سکھاتا ہے۔ انسان اپنی زندگی کے ابتدائی اصول خاندان ہی سے سیکھتا ہے۔ والدین، بہن بھائی اور بزرگ خاندان کے اہم افراد ہوتے ہیں جو ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک رہتے ہیں۔
خاندان کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے۔ ایک مضبوط خاندان ایک مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتا ہے۔ اگر خاندان میں اتحاد، محبت اور احترام ہو تو معاشرہ بھی پُرامن اور خوشحال بنتا ہے۔ والدین اپنی اولاد کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں جبکہ بچے بھی اپنے بزرگوں کی عزت کرتے ہیں۔ اسی باہمی محبت اور اعتماد سے خاندان مضبوط ہوتا ہے۔
مشترکہ خاندان ہماری مشرقی روایات کا اہم حصہ رہا ہے۔ اس نظام میں سب لوگ مل جل کر رہتے ہیں اور ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔ بزرگ افراد اپنے تجربات سے نوجوانوں کی رہنمائی کرتے ہیں, تاہم جدید دور میں زیادہ تر لوگ علیحدہ رہائش کو ترجیح دیتے ہیں لیکن پھر بھی خاندان کی اہمیت کم نہیں ہوئی۔
خاندان انسان کو تنہائی سے بچاتا ہے اور مشکلات میں سہارا فراہم کرتا ہے۔ خوشی ہو یا غم، خاندان ہر حال میں ساتھ کھڑا رہتا ہے۔ ایک اچھا خاندان انسان کی شخصیت کو نکھارتا ہے اور اسے ایک ذمہ دار شہری بننے میں مدد دیتا ہے۔خاندان اللہ تعالیٰ کی ایک بڑی نعمت ہے۔ ہمیں چاہیے کہ اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ محبت، احترام اور خلوص سے پیش آئیں تاکہ ہمارا معاشرہ مضبوط اور خوشحال بن سکے۔



































