
سعدیہ عارف / کراچی
"وَبِالْوَالِدَيْنِ إِحْسَانًا"
(اور والدین کے ساتھ حسنِ سلوک کرو۔)
اللہ تعالیٰ نے انسان کو بے شمار نعمتوں سے نوازا ہے مگر ان تمام نعمتوں میں والدین ایک ایسی عظیم نعمت ہیں جن کا کوئی نعم البدل نہیں۔ ماں اپنی اولاد کو نو ماہ تک اپنے وجود میں رکھتی ہے، تکلیفیں برداشت کرتی ہے، راتوں کی نیند قربان کرتی ہے جبکہ باپ اپنی خواہشات کو پسِ پشت ڈال کر اولاد کے بہتر مستقبل کے لیے دن رات محنت کرتا ہے۔ والدین کی محبت دنیا کی وہ دولت ہے جو بغیر کسی لالچ اور غرض کے اپنی اولاد پر نچھاور کی جاتی ہے۔
یومِ والدین ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہم اپنے والدین کی قربانیوں، محبتوں اور احسانات کو یاد کریں، ان کا شکریہ ادا کریں اور ان کی خدمت کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ افسوس کہ آج کی مصروف زندگی میں بہت سے لوگ اپنے والدین کے لیے وقت نکالنا بھول جاتے ہیں حالانکہ ان کی ایک مسکراہٹ اور چند محبت بھرے الفاظ بھی ان کے لیے دنیا کی سب سے بڑی خوشی بن سکتے ہیں۔
قرآنِ کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے
"وَقُلْ رَّبِّ ارْحَمْهُمَا كَمَا رَبَّيَانِي صَغِيرًا"
"اور دعا کرو: اے میرے رب! ان دونوں پر رحم فرما جیسا کہ انہوں نے بچپن میں مجھے پالا۔"
یہ آیت ہمیں والدین کے لیے دعا کرنے اور ان کے احسانات کو یاد رکھنے کا درس دیتی ہے۔ اسی طرح رسولِ اکرم ﷺ نے فرمایا:
"الجنة تحت أقدام الأمهات"
"جنت ماؤں کے قدموں تلے ہے۔"
ایک اور حدیثِ مبارکہ میں ہے:۔
"رضا الرب في رضا الوالد، وسخط الرب في سخط الوالد"
"اللہ کی رضا والد کی رضا میں ہے اور اللہ کی ناراضی والد کی ناراضی میں ہے۔"
یہ احادیث اس حقیقت کو واضح کرتی ہیں کہ والدین کی خدمت اور ان کا احترام محض ایک سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک عظیم عبادت ہے۔
آج جب بزرگ والدین تنہائی، بے توجہی اور احساسِ محرومی کا شکار ہو رہے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ان کے ساتھ محبت، عزت اور شفقت کا رویہ اختیار کریں۔ ان کی باتوں کو غور سے سنیں، ان کی ضروریات کا خیال رکھیں اور ان کے لیے وقت نکالیں۔ یاد رکھیں کہ ایک دن ہم بھی اسی عمر میں پہنچیں گے، اور جو رویہ آج ہم اپنے والدین کے ساتھ اختیار کریں گے، کل ہماری اولاد بھی ہمارے ساتھ وہی سلوک کرے گی۔
والدین وہ سایہ دار درخت ہیں جن کی ٹھنڈی چھاؤں میں زندگی کے سخت ترین موسم بھی آسان محسوس ہوتے ہیں۔ اگر یہ سایہ سر پر موجود ہو تو اس کی قدر کیجیے، اور اگر والدین اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہوں تو ان کے لیے دعا، صدقۂ جاریہ اور نیک اعمال کا اہتمام کیجیے۔آئیے یومِ والدین کے موقع پر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے والدین کی عزت، خدمت اور فرمانبرداری کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں گے، کیونکہ والدین کی خوشی میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی پوشیدہ ہے۔
"ماں کی دعا زندگی سنوار دیتی ہے اور باپ کی محنت مستقبل روشن کر دیتی ہے۔ والدین وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں اولاد اپنی منزل تک پہنچتی ہے۔"اللہ تعالیٰ ہمیں اپنے والدین کی قدر کرنے، ان کی خدمت کرنے اور ان کی دعائیں حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین۔



































