
سعدیہ عارف
ایک وقت تھا جب عورت کو صرف نرمی، خاموشی اور کمزوری کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ اسے یہ سکھایا جاتا تھا کہ ہر دکھ سہ لو، ہر ظلم برداشت کر لو اور اپنی خواہشات کو
دوسروں کی خوشیوں پر قربان کر دومگر وقت نے ثابت کر دیا ہے کہ عورت صرف نازک وجود نہیں بلکہ حوصلے، ہمت، عزم اور قربانی کی ایک زندہ مثال ہے۔
آج کی عورت زندگی کے ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہے۔ وہ تعلیم، طب، سائنس، کاروبار، صحافت، سیاست، عدلیہ اور سماجی خدمات سمیت ہر شعبے میں اپنی محنت اور قابلیت سے نئی تاریخ رقم کر رہی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ زندگی صرف سانس لینے کا نام نہیں بلکہ اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا نام ہے۔
عورت کی طاقت اس کی آواز میں نہیں بلکہ اس کے صبر، کردار اور ثابت قدمی میں ہوتی ہے۔ وہ ٹوٹتی ضرور ہےمگر بکھرتی نہیں۔ وہ روتی ہےلیکن ہار نہیں مانتی۔ زندگی اسے جتنی بار آزماتی ہے، وہ اتنی ہی مضبوط ہو کر واپس کھڑی ہو جاتی ہے یہی اس کی اصل خوبصورتی ہے۔بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں آج بھی بہت سی خواتین گھریلو تشدد، ناانصافی، ہراسانی، معاشی مسائل اور سماجی دباؤ کا سامنا کرتی ہیں لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود وہ اپنے خاندان، بچوں اور معاشرے کی بہتری کے لیے مسلسل جدوجہد کرتی رہتی ہیں، یہی جدوجہد اس کی اصل کامیابی ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم عورت کو کمزور سمجھنے کے بجائے اس کی عزت کریں، اس پر اعتماد کریں اور اسے وہ مواقع فراہم کریں جن کی وہ حق دار ہے۔ ایک تعلیم یافتہ، بااختیار اور باوقار عورت نہ صرف اپنا مستقبل سنوارتی ہے بلکہ پورے خاندان اور قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عورت کسی کی محتاج نہیں، بلکہ خود ایک طاقت ہے۔ وہ صرف بیٹی، بہن، بیوی یا ماں ہی نہیں بلکہ ایک مکمل شخصیت ہے، جس کے خواب، جذبات اور خواہشات بھی اتنی ہی اہم ہیں جتنی کسی اور انسان کی۔
آئیے ہم ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں عورت کو صرف اس کی خوبصورتی سے نہیں بلکہ اس کی قابلیت، کردار، ذہانت اور انسانیت سے پہچانا جائے، جہاں اسے عزت، تحفظ اور برابری کے مواقع میسر ہو ں تاکہ وہ اپنے خوابوں کی تعبیر حاصل کر سکے۔
آخر میں صرف اتنا کہنا کافی ہے:۔
"عورت نازک ضرور ہے، مگر کمزور نہیں۔
وہ آنسو بھی بہانا جانتی ہے اور طوفانوں سے لڑنا بھی۔
وہ حالات کے سامنے جھکتی نہیں بلکہ اپنے حوصلوں سے تقدیر کا رخ بدل دیتی ہے۔جب ایک عورت مضبوط ہوتی ہے تو صرف ایک گھر نہیں پوری قوم مضبوط ہوتی ہے۔



































