
سعدیہ عارف
مہنگائی صرف اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا نام نہیں، بلکہ یہ ایک ایسی خاموش آزمائش ہے جو ہر گھر کے سکون، ہر والدین کی امید اور ہر غریب کے خواب کو
متاثر کر رہی ہے۔ آج عام آدمی صبح آنکھ کھولتے ہی اس فکر میں مبتلا ہو جاتا ہے کہ گھر کا چولہا کیسے جلے گا، بچوں کی فیس کیسے ادا ہوگی اور مہینے کے باقی دن کس طرح گزر جائیں گے۔
آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، دودھ، بجلی، گیس اور پٹرول—زندگی کی بنیادی ضروریات مسلسل مہنگی ہوتی جا رہی ہیں۔ آمدنی محدود ہے، مگر اخراجات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ تنخواہ وہی ہے، مگر ضروریات کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے عام شہری اپنی ہی زندگی کی دوڑ میں مسلسل پیچھے ہوتا جا رہا ہے۔
سب سے زیادہ متاثر وہ طبقہ ہے جو پہلے ہی محدود وسائل میں زندگی گزار رہا ہے۔ ایک باپ اپنے بچوں کی خواہشیں پوری نہ کر پانے پر خاموش ہو جاتا ہے، ایک ماں بازار میں چیزوں کے نرخ سن کر اپنی ضرورت کی چیز واپس رکھ دیتی ہے، اور بچے اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو یہ سوچ کر دل میں دفن کر دیتے ہیں کہ گھر کے حالات اجازت نہیں دیتے۔
مہنگائی کا سب سے بڑا دکھ یہ ہے کہ یہ صرف جیب خالی نہیں کرتی، بلکہ انسان کے حوصلے بھی کمزور کر دیتی ہے۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مہنگائی کو صرف اعداد و شمار کی نظر سے نہ دیکھا جائے بلکہ اس کے پیچھے چھپی انسانی مشکلات کو بھی سمجھا جائے۔ حکومتی سطح پر مؤثر اقدامات، قیمتوں پر حقیقی نگرانی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مؤثر سہولیات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
عوام بھی اس مشکل وقت میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ غیر ضروری اخراجات سے گریز، وسائل کا بہتر استعمال اور ایک دوسرے کا ساتھ معاشرتی مشکلات کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ صاحبِ حیثیت افراد کو بھی چاہیے کہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند خاندانوں کا سہارا بنیں، کیونکہ کبھی کسی کی معمولی سی مدد بھی کسی گھر کے چولہے کو جلائے رکھنے کا سبب بن جاتی ہے۔
ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ ایک مضبوط معاشرہ وہی تب ہوتا ہے جہاں خوشحالی صرف چند گھروں تک محدود نہ ہو بلکہ عام آدمی بھی عزت اور اطمینان کے ساتھ زندگی گزار سکے۔
عوام آخر کہاں جائیں؟
یہ سوال صرف ایک فرد کا نہیں، بلکہ ہر اس گھر کا سوال ہے جہاں ضروریات بڑھ رہی ہیں اور آمدنی محدود ہے۔ اس سوال کا جواب صرف تقریروں میں نہیں، بلکہ عملی اقدامات میں ملنا چاہیے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایسا معاشرہ تشکیل دیں جہاں کسی ماں کو اپنے بچے کی دوا خریدنے کے لیے اپنی ضرورت قربان نہ کرنا پڑے، کسی باپ کو بچوں کی فیس کے لیے پریشان نہ ہونا پڑے اور کسی گھر میں صرف مہنگائی کے خوف سے خوشیاں دم نہ توڑیں۔
مہنگائی کے اس دور میں عوام کو صرف صبر کا مشورہ نہیں، بلکہ سہارا، تحفظ اور عملی ریلیف چاہیے۔ کیونکہ ایک خوشحال قوم کی بنیاد خوشحال اور مطمئن عوام سے ہی بنتی ہے۔



































