
سعدیہ / کراچی
رنگِ نو ڈاٹ کام کے بانی جناب زین صدیقی نے پاکستان کے 79ویں جشن آزادی کی مناسبت سے منعقدہ کل پاکستان مقابلۂ مضمون نویسی بعنوان ’’پاکستان میری جان، میری پہچان‘‘
کے تمام معزز شرکاء کے لیے ایک نہایت خوبصورت اور قابلِ تحسین تحفے کا اعلان کیا ہے۔شرکاء کے ذوقِ مطالعہ، شوقِ تحریر اور ادبی جذبے کو سراہتے ہوئے جناب زین صدیقی نے اعلان کیا ہے کہ مقابلے میں حصہ لینے والے تمام قلم کاروں کو رنگِ نو کی نئی کتاب ’’زندہ کہانیاں‘‘ بطورِ تحفہ پیش کی جائے گی۔
یہ اعلان محض ایک کتاب کا تحفہ نہیں بلکہ کتاب ،قلم اور مطالعے سے محبت کے ایک ایسے خوبصورت سفر کا آغاز ہے جس کی منزل ایک باشعور، باعلم اور صاحبِ مطالعہ معاشرہ ہے۔جناب زین صدیقی نے یہ قدم رنگِ نو بک ریڈرز کلب کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے اٹھایا ہے۔ اس کلب کا بنیادی مقصد موجودہ ڈیجیٹل دور میں کتاب کی اہمیت کو اجاگر کرنا، مطالعے کی کم ہوتی ہوئی عادت کو دوبارہ زندہ کرنا اور نئی نسل کو کتاب سے جوڑنا ہے۔
آج جب موبائل اسکرین نے کتاب کے صفحات کی جگہ لے لی ہے، ایسے میں کتاب کو دوبارہ زندگی کا حصہ بنانا یقیناً ایک قابلِ تحسین ادبی خدمت ہے۔ کیونکہ کتاب صرف الفاظ کا مجموعہ نہیں ہوتی، یہ انسان کے شعور کو روشنی، سوچ کو وسعت اور کردار کو سمت عطا کرتی ہے۔ ایک اچھی کتاب کبھی کبھی وہ بات کہہ دیتی ہے جو برسوں کی گفتگو بھی نہیں کہہ پاتی۔
رنگِ نو بک ریڈرز کلب تمام اہلِ قلم، لکھاریوں، طلبہ، اساتذہ اور کتاب سے محبت رکھنے والے افراد کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اس خوبصورت مشن کا حصہ بنیں اور مطالعے کی ثقافت کو دوبارہ فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں۔
جناب زین صدیقی اور ان کی پوری ٹیم نے مقابلۂ مضمون نویسی کے تمام شرکاء کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر وہ قلم جو وطن کی محبت میں اٹھتا ہے اور ہر وہ لفظ جو پاکستان کے روشن مستقبل کا خواب بیان کرتا ہے، دراصل ہمارے قومی شعور کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالتا ہے۔
یہ خوبصورت تحفہ تمام شرکاء کے لیے نہ صرف ان کی ادبی کاوش کا اعتراف ہے بلکہ کتاب سے محبت، علم کے فروغ اور قلم کی طاقت پر اعتماد کا پیغام بھی ہے۔آئیے! کتاب سے رشتہ جوڑیں، مطالعے کو زندگی کا حصہ بنائیں اور لفظوں کی روشنی سے معاشرے کو منور کریں۔



































