
خدیجہ اشتیاق
سن 2026 بجٹ پیش کردیا گیا لیکن عام آدمی اور تنخواہ دار طبقہ کو ایک بار پھر نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے گھریلو بجٹ کو اس حد
تک متاثر کر دیا ہے کہ دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی ایک چیلنج بن گیا ہے۔
خاص طور پر گھریلو خواتین کو سب سے زیادہ مسائل کا سامنا ہے۔ وہ روزانہ حساب لگاتی ہیں کہ محدود آمدنی میں راشن، بجلی، گیس اور دیگر اخراجات کیسے پورے کیے جائیں مگر اکثر مہینہ ختم ہونے سے پہلے ہی جیب خالی ہو جاتی ہے، خواہشات تو دور کی بات ضروریات بھی باقی رہ جاتی ہیں۔
اس ساری صورتحال میں بچوں سے ان کا بچپن چھینا جارہا ہے کیونکہ والدین کو پریشان دیکھ کر بچے اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشوں کو دبا لیتے ہیں تاکہ گھر کے اخراجات میں مزید بوجھ نہ بڑھے۔ جب بچے اپنی خواہشوں سے پہلے والدین کی مجبوریوں کا حساب لگانے لگیں تو یہ صرف معاشی نہیں بلکہ سماجی مسئلہ بھی بن سکتا ہے۔
عوام کو ایسے بجٹ کی ضرورت ہے جو صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہ ہو بلکہ ان کی زندگیوں میں حقیقی آسانی پیدا کرے۔عام آدمی آسانی سے اپنا گھر چلا سکے ایسا بجٹ بنانے کے لیے چہرے نہیں نظام کو بدلیں۔ ایک کامیاب بجٹ وہی ہے جس کا اثر عام آدمی کے دسترخوان پر نظر آئے۔



































