
طوبیٰ جاوید
غزہ ایک ایسی پراسرار کتاب کی مانند ہے جس کے ہر صفحے پر لہو میں ڈوبی ہوئی صبر و جبر کی عظیم داستانیں رقم ہیں۔ کہیں ماؤں کی آہیں نوحہ
کرتی ہوئی نظر آتی ہیں، کہیں یتیم بچوں کے چیخنے کی صدائیں گونجتی ہوئی نظر آتی ہیں، بہنوں کی عزت کے جنازے ،بھائیوں کے جھکے ہوئے کندھے اور چہرے غم سے نڈھال نظر آتے ہیں، نو مولود بچوں کی میتیں اور ان کے والدین کے آنسو نظر آتے ہیں۔
دوسری طرف کتاب کے ہر صفحے پر بے مثال بہادری کے کارنامے تحریر نظر آتے ہیں۔ ایمان کی پختگی، استقامت کے ساتھ اپنے مقصد پر ڈٹے رہنا، آزادی کی جدوجہد میں ظلم کے کڑوے گھونٹ پینا، شہادت کی موت کو سینے سے لگانا، مسلسل بھوک اور پیاس کے باوجود کلمہ شکر ادا کرنا، زندگی کی ہر بنیادی ضرورت سے محرومی پر بھی اللہ کی رضا میں راضی رہنا، طبی سہولتوں کی عدم فراہمی کے باعث تلاوت قرآن کو شفائے کامل سمجھنا، نماز اور دعا سے ہر غم کا علاج کرنا.....اہل غزہ کا یہ دستور، یہ ایمان، یہ طرز زندگی روئے زمین پر دور حاضر میں کہیں دیکھنے کو نہیں ملتا!!! توکل الی اللہ اور رضائے الہیٰ ان کا کل سرمایہ ہے، صبر ان کا ہتھیار ہے اور شہادت آب حیات !!!!۔
گزشتہ تین سال سے مسلسل بمباری فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں کر پا رہی۔ صبح اور شام بے قصور عوام کے جنازے اہل غزہ کے قدم نہیں ڈھکمگا رہے ۔ہر آنے والی رسد کا روک دینا بھی غزہ کی مظلوم بے بس عوام کو ہجرت پر مجبور نہیں کر پا رہا۔ وہ اپنی سرزمین سے محبت کی خاطر کھنڈرات کے ملبوں کے درمیان خیمے لگا کر زندگی کے دن گزار رہے ہیں۔ وہ ظلم کو آزمائش سمجھ کر دل و جان سے قبول کیے ہوئے ہیں۔ ان کا یقین پختہ ہے کہ دنیا کے اس ظلم کے بدلے آخرت میں جنت کے محلات ان کے لیے آراستہ ہوں گے۔
ظلم و بربریت، وحشیانہ حملوں اور قتل و غارت گری کا مقابلہ اگر توکل الی اللہ، صبر و استقامت اور جذبہ شہادت سے کیا جائے تو جیت ہمیشہ ایمان کامل اور مرد مومن کی ہی ہوتی ہے۔ باطل کے ہتھیار حق کے عزم و حوصلے سے شکست کھا کر ہی رہتے ہیں۔ اللہ کی نصرت پر یقین مومنین کو فتح سے ہمکنار ضرور کرتا ہے!!۔
رب کائنات سے یہ دعا ہے کہ جابروں کو صفحہ ہستی سے مٹا دے اور ان کے ارادوں کو نیست و نابود کر دے. اہل غزہ کے حالات بدل دے یا رب! ان کے صبر کا اجر دنیا میں بھی عطا فرما اور آخرت میں بھی ان کو سرخرو فرما۔ آمین!!




































