
ام عبداللہ
گھر کبھی ایک دن میں ویران نہیں ہوتے۔ویرانی پہلے کسی دل کے کونے میں جا بیٹھتی ہے، پھر آہستہ آہستہ دیواروں کی سفیدی میں اترتی ہے،
دروازوں کے قبضوں میں چرچراہٹ بن کر رہ جاتی ہے اور آخرکار آنگن کے درمیان ایک ایسے درخت کی طرح اگتی ہےجس کے سائے میں کوئی بیٹھنا نہیں چاہتا۔
اس گھر میں بھی آج پھیلی ویرانی کی ابتدا صرف ایک آواز سے ہوئی تھی۔وہ آواز جو صبح کی پہلی چائے کے ساتھ گونجتی تھی ، دوپہر کے سالن میں نمک کی کمی بھی ڈھونڈ لیتی، شام کے اندھیرے سے پہلے برآمدے کا بلب جلا دیتی اور رات کو آخری دروازہ بند ہونے تک گھرپر نظر رکھتی ۔
نبیہہ کو ہمیشہ لگتا تھا کہ یہ آواز اس کے گرد ایک غیر مرئی باڑ کھینچ دیتی ہے۔
"کب آؤ گی، ابھی تو گئی تھی،کیوں جارہی ہو ؟"
"دھوپ میں دیر تک رہ گئے ہوں گے یہ کپڑے تبھی ان کا رنگ اتر گیا۔
"گوشت چھنی میں رکھ کر دھویا کرو ایسے سینک میں پڑا برا لگتا ہے ۔"
دودھ اور چائے کے برتن علیحدہ ہیں۔ ان میں گوشت و چکنائی کا کام مت کیا کرو ۔
یہ جملے اس کو نصیحت و تاکید نہیں اپنی آزادی پر قدغن لگتے تھے۔اسے محسوس ہوتا، گھر میں ایک بھی کمرہ ایسا نہیں جہاں کی وہ تنہا مالک ہو۔اسےبمیشہ اپنا گھر ،اپنا ٹھکانا مطلوب ہوتا۔لوگ اس کی قسمت پر رشک کرتے کہ ساس کتنی محبت کرتی ہیں لیکن اسے یہ محبت قید لگتی اور وہ سوچتی کیا محبت ایسی ہوتی ہے کہ آدمی دوسرے کو سانس بھی نہ لینے دے۔
مگر محبت کو اپنی صفائی پیش کرنا کبھی نہیں آیا۔
وہ کبھی انتظار بن کر دسترخوان پر بیٹھ جاتی ہے، کبھی کسی پسندیدہ پکوان کا آخری لقمہ بچا کر رکھ دیتی ہے، کبھی رات گئے واپسی پر اس کی راہ تک رہی ہوتی اور کبھی نوکروں کی تعداد و تنخواہ صرف اس لیے بڑھا دیتی ہے کہ بہو پر بوجھ نا پڑے ،وقت گزرتا گیا۔
گھر کی ہر شے ایک ایک کرکے نبیہہ کے ہاتھ آتی گئی۔
پہلے باورچی خانہ
پھر مہمان خانہ
پھر تہوار
پھر فیصلے
اور ایک دن ایسا آیا کہ گھر کی مالکن خود اپنے ہی کمرےتک محدود ہوگئی۔وہ اب دروازے پر نہیں رکتیں۔سوال نہیں کرتیں اجازت نہیں دیتیں۔صرف خاموشی سے راستہ دے دیتی تھیں۔
رمضان آیا
عید آئی
پھر عید الاضحیٰ
برتنوں کی کھنک اور لوگوں کی آوازوں کے درمیان نبیہہ کے اندر موجود برسوں سےبند ایک جملہ اچانک دروازہ توڑ کر باہر آگیا۔گھر کی رونق و کام کا دباؤ اسے اپنے ساتھ زیادتی و بوجھ لگا وہ چیخ پڑی ۔
آخر کب تک؟" کب میں سکون سے رہوں گی ،کب اپنا ٹھکانہ ہوگا سب کے اپنے کونے ہیں ؟ میں کیوں رہوں اس مشکل میں ؟یہ الفاظ و جملے ہی تو ہوتے ہیں جو انسانوں کے دل کو چیر بھی سکتے ہیں اور مرہم کا کام بھی دے سکتے ہیں ۔ہاتھ پیروں سے کی گئی خدمت ان الفاظوں کا بوجھ سہار ہی نہیں سکتی ۔۔
گھر کی اصل مالکن کی سماعت سے جب یہ الفاظ ٹکرائے تو انہوں نے بس ایک نظر اسے دیکھا نظروں میں شکوہ نہیں تھا بس صرف ایسا احساس تھا جیسے کوئی درخت جان گیا ہو کہ اس کا سایہ اب ٹھنڈک نہیں دیتا بلکہ وجود آنکھوں میں کھٹکتا ہے۔اس دن کے بعد وہ مزید اپنے کمرے و خول میں محدود ہوگئیں اور پھر اچانک بغیر کچھ کہے سنے ابدی نیند سوگئیں۔
گھر نے پہلی بار اپنی آواز کھو دی
تعزیت کے دن ختم ہوگئے
لوگ چلے گئے۔قرآن کی تلاوت کی بازگشت بھی مدہم ہوگئی ۔
صرف خاموشی رہ گئی۔
اچانک اس خاموشی میں شیشہ ٹوٹنے کا چھناکا ہوا نجانے کیوں لیکن اسے خیال آیا کہ دل بھی شیشے کے ہوتے ہیں،بس ٹوٹتے وقت آواز نہیں کرتے۔
اس کے بعد گھر واقعی اس کا ہوگیا۔
چولہا جب چاہے جلتا
صفائی جب چاہے ہوتی
مہمان آتے یا نہ آتے، کوئی پوچھنے والا نہ تھا
آزادی پورے گھر میں چلتی پھرتی تھی۔پہلے جس بات پر منع کرنا ٹوکنا برا لگتا تھا اب اپنی مرضی و خوشی سے وہی کررہی ہوتی لیکن در و دیوار میں گہرا سنّاٹا تھا جسے محسوس کرنے کے لیے حساس دل چاہیے تھا۔کبھی پکاتے پکاتے کچھ چکھانا ہوتا تو نبیہہ کو بھی بے اختیار وہی ماں یاد آجاتی۔ جن کا ٹوکنا ناگوار لگتا تھا۔کبھی بچے بیمار پڑتے تو اسے محسوس ہوتا جیسے اس کا بوجھ بانٹنے والا ،مشورہ دینے والا کوئی نہیں ۔
گھر واپسی پر دروازہ کھولتے ہوئے وہ اکثر رک جاتی،دروازہ کھلتا مگر استقبال کرنے والی آواز اور انتظار کرنے والی نگاہیں کہیں نہیں ہوتی تھی۔تب اسے معلوم ہوا کہ بعض لوگ گھر میں نہیں رہتے، گھر ان میں رہتا ہے اور جب وہ چلے جاتے ہیں تو دیواریں سلامت رہتی ہیں مگر مکان اپنا دل کھو دیتا ہے۔




































