
صائمہ معید/ بہاولپور
قرآن انسٹی ٹیوٹ پی پی 253 کی جانب سے فہم القران تقریب تقسیم اسناد منعقد کی گئی ۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز رکن جماعت عطیہ فرحان کی تلاوت قرآن پاک
سے ہوا ۔نعت رسول مقبول قرآن انسٹیٹیوٹ کی طالبہ ہنیہ رضوان نے پیش کی ۔اس کے بعد نظم کا تعارف کروایا گیا۔فہم القران کورس کے مقاصد کا اعادہ کیا گیا ،حاصلات کا مختصر جائزہ لیا گیا اور اگلے مرحلے کی بریفنگ کے لئے" ہر دل تک قران" پروجیکٹ کی ضلعی نگران رضوانہ عبدالرحمنٰ کو دعوت دی گئی، جنہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آج اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے اور فہم القران کے شرکاء کو اپنے سامنے دیکھ کر بہت خوش ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ نزول قرآن اور اس کا اصل مقصد انسان کے لئے ہدایت اور رہنمائی ہے اور اس کا اصل مقصد تب پورا ہوتا ہے جب ہم اسے ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ پڑھیں ۔اس کی تعلیمات کو سمجھیں اور اس کے احکام کی تعمیل کر کےاس کی روشنی میں اپنی زندگی بسر کریں ۔ یہ بات قرآن کی تعلیمات کو سمجھے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے شرکاء کو اس سے اگلے مرحلے "اسٹڈی سرکل " کی بریفنگ دی اور امید ظاہر کی کہ اسے سب دلچسپی اور کامیابی سے مکمل کریں گے۔
فہم القران کے شرکاء سے گفتگو کے لئے ناظمہ ضلع حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع بہاولپور طاہرہ یونس کو دعوت خطاب دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اقامت دین کی بہتر اور منظم ادائیگی کے لئے مہم قرآن کورس ترتیب دیا گیا تاکہ خواتین اس کورس کے ذریعے سے تصور دین کو درست کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اقامت دین اور اصلاح معاشرہ کا حصہ بھی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر لحاظ سے مکمل اسلامی جماعت ہے جو زندگی کے ہر شعبے میں دین کا نفاذ چاہتی ہے اور اس کی تمام سعی و جہد عوام کی فلاح کے لئے ہے ۔شرکاء سے ان کے تاثرات پوچھے گئے جو بہت حوصلہ افزا تھے ۔انہوں نے بے حد پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا کہ جماعت اسلامی نے ہمیں زندگی گزارنے کا شعور دیا اور ہمیں دنیا میں آنے کا مقصد سمجھایا اور اقامت دین کی اہمیت سے آگاہ کیا ۔
تمام حلقہ جات کی مربیات فہم القران میں بہترین کارکردگی پر شیلڈ اور اس کورس کو باقاعدگی سے کرنے والے شرکاء میں پی پی کی ناظمہ عائشہ فاروق نے ضلعی ٹیم سے اسناد دلوائیں۔ ناظمہ ضلع بہاولپور طاہرہ یونس اور ضلعی نگران فہم القران رضوانہ عبدالرحمن کو حسن کارکردگی پر شیلڈز دی گئیں۔
نظامت کے فرائض پی پی کی کوارڈینیٹر صائمہ معید نے سر انجام دیےکوارڈینیٹر پی پی صائمہ معید کی دعا سے پروگرام کا اختتام ہوا۔




































