
میمونہ انصاری
وہ میرا سب کچھ تھا۔۔۔۔۔
زندگی کبھی کبھی انسان کو ایسے موڑ پر لا کھڑا کرتی ہے جہاں سے واپسی ممکن نہیں ہوتی۔ زینہ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا تھا۔
زینہ، بائیس سالہ، ایک خوابوں بھری لڑکی۔ کراچی یونیورسٹی کے شعبہ اردو ادب کی سب سے ذہین طالبہ۔ آنکھوں میں بڑے بڑے خواب، دل میں محبت کا ایک حسین سا تصور۔ وہ ہمیشہ سے ایسی محبت چاہتی تھی جو پاکیزہ ہو، جو نکاح تک جائے۔
اس دن لائبریری میں رش بہت تھا۔ بارش ہو رہی تھی۔ زینہ کھڑکی کے پاس بیٹھی کتاب پڑھ رہی تھی۔ "پیر کامل"۔ تبھی کسی نے آہستہ سے کہا۔
"کیا میں یہاں بیٹھ سکتا ہوں؟"
زینہ نے سر اٹھا کر دیکھا۔ سامنے ایک لمبا، خوش شکل لڑکا کھڑا تھا۔ نیلی آنکھیں، ہاتھ میں کتابوں کا ڈھیر۔ وہ بلال تھا۔ بی بی اے فائنل ائیر کا سب سے ہینڈسم لڑکا۔
"جی بیٹھ جائیں۔" زینہ نے آہستہ سے کہا۔
بلال بیٹھا تو اس کی نظر زینہ کی آنکھوں پر پڑی۔ وہ کچھ دیر تک اسے دیکھتا رہا، پھر بولا۔
"تمہاری آنکھوں میں ایک عجیب سی کشش ہے۔ جیسے کوئی گہرا سمندر ہو۔"
زینہ کا چہرہ سرخ ہو گیا۔ آج تک کسی نے اس سے ایسی بات نہیں کی تھی۔ اسے غصہ آنا چاہیے تھا مگر اس کے دل نے عجیب سی دستک دی۔
وہ دن پہلا دن تھا۔ اس کے بعد روز ملاقات ہونے لگی۔ کبھی کینٹین میں، کبھی لائبریری میں۔ بلال اسے اپنی شاعری سناتا۔ زینہ اسے اپنے لکھے ہوئے افسانے دکھاتی۔
آہستہ آہستہ یہ دوستی محبت میں بدل گئی۔
رات کے دو بجے تک فون پر باتیں۔ بلال کہتا۔
"زینہ، تم میری زندگی ہو۔ تم میرا سب کچھ ہو۔ میں تمہارے بغیر مر جاؤں گا۔"
اور زینہ... زینہ تو پہلے ہی اسے اپنا سب کچھ مان چکی تھی۔ وہ اپنی ڈائری میں لکھتی۔
"آج بلال نے کہا وہ مجھ سے شادی کرے گا۔ وہ مجھے اپنا سب کچھ کہتا ہے۔ کیا یہی محبت ہے؟ اگر یہی محبت ہے تو یہ محبت بہت حسین ہے۔ وہ میرا سب کچھ ہے، میرا آج، میرا کل، میرا ہر خواب۔"
اسے کیا خبر تھی کہ جو آج اس کا سب کچھ ہے، کل وہ اسے بتائے گا کہ وہ تو بس ایک وقتی جذبہ تھی۔
محبت جب حد سے بڑھ جائے تو انسان اندھا ہو جاتا ہے۔ زینہ بھی اندھی ہو چکی تھی۔
بلال کے وعدے، بلال کی قسمیں، بلال کا یہ کہنا کہ "میری ماں تم سے ملنا چاہتی ہے، میں جلد رشتہ بھیجوں گا۔" سب کچھ سچ لگتا تھا۔
زینہ نے اپنی سب سے اچھی دوست ماہم کو بتایا۔
ماہم نے اس کا ہاتھ پکڑ کر کہا۔ "زینہ، سنبھل جا۔ یہ لڑکے اچھے نہیں ہوتے۔ اتنا کسی کو اپنا سب کچھ مت بنا۔ یہ دنیا فانی ہے۔"
زینہ ہنسی۔ "ماہم، میرا بلال سب جیسا نہیں ہے۔ وہ میرا سب کچھ ہے۔"
ماہم خاموش ہو گئی۔ اسے ڈر تھا کہ کہیں اس کی دوست بہت بڑی ٹھوکر نہ کھا لے۔ اور اس کا ڈر سچ ہونے والا تھا۔
یہ فائنل سمسٹر کے دن تھے۔ بلال اچانک بدلنے لگا۔
( جاری ہے )




































