
میمونہ انصاری
پہلے وہ دن میں دس بار کال کرتا تھا، اب ایک بار بھی نہیں۔ زینہ میسج کرتی تو جواب آتا " مصروف ہوں بعد میں بات کرتا ہوں "
زینہ ساری رات روتی۔ اللہ سے دعا کرتی۔ "یا اللہ، میرے بلال کو مجھ سے دور نہ کرنا۔ وہ میرا سب کچھ ہے۔"
پھر وہ منحوس دن آیا۔
زینہ اپنی کزن کی شادی کا ڈریس لینے طارق روڈ گئی تھی۔ ایک کیفے کے باہر اس نے بلال کی گاڑی دیکھی۔ دل خوش ہو گیا کہ چلو یہاں ملاقات ہو جائے گی۔
وہ کیفے کے اندر گئی تو سامنے کا منظر اس کے پیروں تلے سے زمین کھینچ کرلے گیا۔
بلال وہاں تھا لیکن اکیلا نہیں۔ اس کے ساتھ ایک بہت خوبصورت لڑکی تھی۔ دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے بیٹھے تھے۔ لڑکی کے ہاتھ میں منگنی کی انگوٹھی تھی۔
زینہ کانپتی ہوئی ان کے پاس گئی۔ "بلال..."
بلال کا رنگ اڑ گیا۔ "زینہ... تم یہاں؟"
"یہ کون ہے؟" زینہ کی آواز کانپ رہی تھی۔
بلال نے ایک لمبی سانس لی اور بے رحمی سے کہا۔ وہ جملہ جو آج تک زینہ کے کانوں میں گونجتا ہے۔
"زینہ، تم ایک بہت اچھی لڑکی ہو لیکن تم میرے معیار کی نہیں ہو۔ تم میرے لیے بس ایک وقتی جذبہ تھی۔" ٹائم پاس "۔ میری منگنی ہو چکی ہے۔ میرے گھر والے کبھی تم جیسی عام سی لڑکی کو قبول نہیں کریں گے۔ پلیز میرا پیچھا چھوڑ دو۔"
"وقتی جذبہ...؟"
زینہ کے ہاتھ سے کتابیں گر گئیں۔ اس کی آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا۔ وہ شخص جسے وہ اپنا سب کچھ کہتی تھی، اس کے لیے وہ بس ایک وقتی جذبہ تھی۔
وہ وہاں سے کیسے نکلی، اسے خود نہیں یاد۔ بس یاد ہے تو بارش میں بھیگتی ہوئی سڑک پر بیٹھ کر رونااور ایک ہی جملہ۔
"وہ میرا سب کچھ تھا۔۔۔ وہ میرا سب کچھ تھا۔۔۔"
اس دن کے بعد زینہ زندہ تو تھی مگر زندگی اس کے اندر سے ٹوٹ چکی تھی۔
وہ لڑکی جو صبح سات بجے اٹھ کر یونیورسٹی کے لیے تیار ہوتی تھی جو ہر وقت ہنستی مسکراتی رہتی تھی، اب کمرے کے ایک کونے میں پڑی رہتی تھی۔
ماں نے دروازہ کھٹکھٹایا۔
"زینہ بیٹا: باہر آؤ، کھانا کھا لو۔"
"مجھے بھوک نہیں ہے امی۔"
"بیٹا تین دن سے تم نے کچھ نہیں کھایا۔"
زینہ نے جواب نہیں دیا۔ اس کی آنکھوں کے نیچے حلقے پڑ چکے تھے۔ بال بکھرے ہوئے تھے۔ ہاتھ میں اب بھی وہی ڈائری تھی جس پر اس نے لکھا تھا "وہ میرا سب کچھ تھا"۔
اس نے ڈائری کا وہ صفحہ پھاڑ دیا اور پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔
"میں نے کیا غلطی کی تھی یا اللہ؟ میں نے تو سچی محبت کی تھی۔ میں نے تو اسے اپنا سب کچھ مانا تھا پھر اس نے مجھے وقتی جذبہ کیوں کہا؟"
ماہم بھاگتی ہوئی آئی۔ اس نے زینہ کو گلے لگایا۔
"زینہ، سنبھال خود کو۔ یہ دنیا فانی ہے میری جان۔ یہاں کا عشق بھی فانی ہے۔ یہاں کوئی کسی کا سب کچھ نہیں ہوتا۔ سب کچھ صرف اللہ ہوتا ہے۔"
"تو کیا میری محبت فانی تھی؟" زینہ نے سسکتے ہوئے کہا۔
"تیری محبت سچی تھی لیکن انسان فانی تھا۔ تو نے فانی انسان کو اپنا سب کچھ بنا لیا۔"
زینہ نے یونیورسٹی جانا چھوڑ دیا۔ اس کے سارے خواب، اس کی ڈگری، سب کچھ اس ایک شخص کے ساتھ ختم ہو گیا تھا۔ وہ رات بھر جاگتی رہتی اور بلال کی پرانی چیٹس پڑھتی رہتی۔ایک رات اس کی دادی کراچی آئیں۔
( جاری ہے )




































