
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث مارکیٹ کا بینچ مارک 100 انڈیکس تقریباً 3 فیصد تک اوپر
چلا گیا۔
کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 2297 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد 1 لاکھ 55 ہزار 37 کی سطح تک پہنچ گیاجو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری کی عکاسی کرتا ہے،تاہم دن کے دوران مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ بھی دیکھنے میں آیا، جہاں انڈیکس ایک موقع پر 1 لاکھ 54 ہزار 969 کی نچلی سطح تک آیا، جبکہ دوسری جانب 1 لاکھ 57 ہزار 442 کی بلند ترین سطح کو بھی چھوا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے جمعرات کو کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 1 لاکھ 52 ہزار 740 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، جس کے مقابلے میں موجودہ تیزی نمایاں بہتری ظاہر کرتی ہے،دوسری جانب عالمی سطح پر بھی کیپیٹل مارکیٹس میں مثبت رجحان دیکھا جا رہا ہے، جس کی ایک بڑی وجہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی توانائی تنصیبات پر ممکنہ حملے کو پانچ دن کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ بتایا جا رہا ہے۔
عالمی مارکیٹس میں نکئی میں 0.75 فیصد، کوسپی میں تقریباً ڈھائی فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شنگھائی اسٹاک ایکسچینج ایک فیصد اور نفٹی ففٹی میں سوا فیصد تک تیزی دیکھی گئی، جو عالمی سرمایہ کاروں کے مثبت رجحان کی نشاندہی کرتا ہے۔




































