
کراچی ( رنگ نو اسپورٹس ڈیسک )معمار پریمیئر لیگ سیزن 8 کا رنگا رنگ آغاز عید گاہ گراؤنڈ
گلشنِ معمار میں ہوگیا جہاں کرکٹ سے شائقین کی بڑی تعداد نے میچ سے لطف اٹھایا۔ افتتاحی مقابلے میں شہید دانیال کرکٹ کلب نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیلنجرز الیون کو 46 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں کامیابی کے ساتھ آغاز کیا۔
میچ کے آغاز سے قبل مختصر افتتاحی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں مقامی شخصیات اور اسپورٹس سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا جبکہ ٹورنامنٹ کے انعقاد کو نوجوانوں کے لیے خوش آئند قرار دیا گیا۔میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شہید دانیال کرکٹ کلب نے جارحانہ انداز اپنایا اور مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز اسکور کیے۔
ٹیم کی جانب سے یحیٰ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 76 رنز کی ذمہ دارانہ اور دلکش اننگز کھیلی جس میں خوبصورت اسٹروکس دیکھنے کو ملے۔ ان کا ساتھ کاشف نے دیا جنہوں نے 26 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر کھلاڑیوں نے بھی ٹیم اسکور میں اپنا حصہ ڈال کر مجموعہ 136 رنز تک پہنچایا۔ ہدف کے تعاقب میں چیلنجرز الیون کی ٹیم ابتدا سے ہی دباؤ کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ شہید دانیال کرکٹ کلب کے بولرز نے نظم و ضبط کے ساتھ بولنگ کی اور مخالف ٹیم کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ پوری ٹیم 90 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
یاسر نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 اہم کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسین نے 2 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔میچ کے دوران شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو خوب سراہا۔ دلچسپ مقابلے اور شاندار کھیل نے ٹورنامنٹ کے آغاز کو مزید یادگار بنا دیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی سماجی رہنما احمد چوہان، شیخ ساجد کریم اور سردار کامران خان ترین نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں منعقد ہونے والے نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹس کراچی کی ایک خوبصورت روایت بن چکے ہیں۔ ان مقابلوں سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع ملتا ہے اور یہی ٹیلنٹ مستقبل میں بڑے میدانوں تک پہنچتا ہے۔انہوں نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا باعث بنتی ہیں بلکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹورنامنٹ کے آئندہ میچز بھی اسی جذبے اور جوش کے ساتھ منعقد ہوں گے اور شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔



































