
کراچی ( رنگ نو اسپورٹس ڈیسک ) کے این ایل سیزن 18 کا سنسنی خیز فائنل نیا ناظم آباد کرکٹ
اسٹیڈیم میں بی ٹی کے اسٹارز اور کرائون کرکٹ کلب کے درمیان کھیلا گیا، جس میں کرائون کرکٹ کلب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
بی ٹی کے اسٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 140 رنز اسکور کیے۔ سبزل نے 26 اور قربان بروہی نے 25 رنز بنا کر ٹیم کو سہارا دیا۔ کرائون کرکٹ کلب کی جانب سے عزیر اکبر، جہانزیب رزاق اور سیف علی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں کرائون کرکٹ کلب نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے ہدف حاصل کرلیا۔ سیف علی اور شہریار نے شاندار نصف سنچریاں اسکور کیں اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی احمد چوہان، شیخ ساجد کریم، سردار کامران خان اور محمد فیروز نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے جبکہ کھلاڑیوں کو میڈلز پہنائے گئےاس موقع پر احمد چوہان اور شیخ ساجد کریم نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور دونوں ٹیموں نے بہترین کھیل پیش کیا۔
نوجوان کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے، انہیں آگے بڑھانے اور مناسب مواقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔بی ٹی کے اسٹارز کے کپتان عفیف علی خان نے کہا کہ ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی تاہم کم اسکور کی وجہ سے کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہار سے سیکھیں گے اور آئندہ مزید محنت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔




































