
اسلام آباد (ویب ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری نہیں،
حکومت ہٹانے کے لیے کبھی بھی غیر آئینی طریقے کی حمایت نہیں کریں گے۔عمران خان کی موجودگی میں پارلیمنٹ ’عضو معطل‘ بن گئی ہے، اگر جمہوریت کا تسلسل چاہیے تو عمران خان کو مائنس ہونا پڑے گا۔
غیر ملکی ویب سائیٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کی ساکھ سو فیصد ختم ہوچکی ہے وزیراعظم خود ایک بھی وعدے کی تکمیل نہ کر سکے جو اقتدار میں آ کر انہوں نے دہرائے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی موجودگی میں پارلیمنٹ ’عضو معطل‘ بن گئی ہے حکومت کی تبدیلی کا طریقہ کار حالات خود بنا دیتے ہیں انسان جدوجہد ضرور کرتا لیکن جو بھی طریقے ہونے چاہیں وہ آئینی ہوں ہم کبھی بھی غیر آئینی طریقے کی حمایت نہیں کریں گے ہم چاہتے ہیں کہ یہاں جمہوری معاشرہ فروغ پائے۔ جمہوری طریقے سے ہماری حکومت جاتی ہے تو چلی جائے، جمہوری طریقے سے ہم حکومت میں آجاتے ہیں بسم اللہ، یہ چیزیں جمہوری معاشرے کے لیے بنیادی بات ہے کہ حکومت کے آنے جانے کا فیصلہ آئین کرے نہ کہ غیر جمہوری یا ماورائے قانون کے طریقے سے اس کا تعین ہو۔
خواجہ آصف نے کہاکہ مائنس عمران خان کا مطالبہ غیر جمہوری مطالبہ نہیں ہم کسی بیرونی قوت سے عمران خان کو ہٹانے کا مطالبہ نہیں کر رہے بلکہ تحریک انصاف سے کہہ رہے ہیں کہ جمہوریت کی بالادستی اور حالات میں بہتری کے لیے عمران خان کی جگہ کسی اور کو اپنا لیڈر چن لے میں سمجھتا ہوں کہ اگر جمہوریت کا تسلسل چاہیے یا موجودہ حالات سے ریکوری چاہیے تو مائنس ون ہونا چاہیے پی ٹی آئی متبادل قیادت لے آئے۔




































