
کراچی ( رپورٹنگ ٹیم ُ: زین صدیقی ،محمد سعاد) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کی تباہی پورے ملک
کی تباہی ہے ۔یہ معاشی حب ہے ۔کراچی کو پیچھے رکھ کر ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔14 اکتوبرکو ملک بھر میں یوم یکجہتی کراچی منایا جا ئے گا ۔سندھ حکومت اور تحریک انصاف نے کراچی کا استحصال کیا ۔
یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار کو شاہراہ قائدین پر ” حقوق کراچی مارچ “سے خطاب کر تے ہوئے کیا ،جلسے سے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ،نائب امیر جماعت اسلامی کراچی اسامہ رضی،عبد الرزاق ،جنید مکاتی ، ،تاجروصنعت کاروں خلیل نینی تال والا ،زاہد سعید ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔
اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسداللہ بھٹو،امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی ،ایل ایل ایف کے صدر خالد خان موجود تھے،جبکہ تاجرتنظیموں کے رہنما ،طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے ہزاروں کی تعدادنے شرکت کی ،مارچ میں بچے ،خواتین اور بزرگوں کی بھی کثیر تعداد موجود تھی ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ کراچی میں بااختیار شہری حکومت بنائی جائے اور اس شہر کے نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں دی جائیں ۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی ترقی ملک کی ترقی ہے ۔جماعت اسلامی اسے تنہا نہیں چھوڑ سکتی ۔




































