
کراچی (رنگ نو ڈاٹ کام ) ہیو من رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری،سیکریٹری جنرل شہزاد مظہر،جوائنٹ سیکریٹری خالدجمال نے
سگ گزیدگی کے واقعات اوران میں ہونے والی اموات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اورکہا ہے کہ سگ گزیدگی سے متاثر سندھ و بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بچے سمیت 4افراد کی اموات افسوسناک ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کتوں کی بہتات سنگین مسئلہ بن چکا ہے ،مگر اس کے تدارک کیلئے حکومت سندھ شہری انتظامیہ عملی اقدامات سے قاصر ہیں۔
انتخاب عالم سوری ،شہزاد مظہر نے کہا کہ کراچی میں اس وقت 20لاکھ سے زائد آوارہ کتوں کا راج ہے،جو بچوں ،خواتین اورہر عمرکے افراد کو متاثر کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ سگ گزیدگی سے متاثر ہزاروں افراد اسپتالوں میں لائے جارہے جبکہ سرکاری اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین کی بھی شدید قلت بتائی جارہی ہے جومحکمہ صحت کی لاپروائی ظاہر کررہی ہے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ 15سال سے شہر میں کتا مارمہم دیکھنے کو نہیں ملی ہے جبکہ شہری حکومت بھی اپنے فرائض سے چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی زندگیوں کو بچانا حکومت اورشہری انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،صوبائی اورشہری حکومتیں اپنی ذمہ داری پوری کریں ،آوارہ کتوں کو تلف کرنے کیلئے قومی مہم چلائی جائے،سرکاری اسپتالوں میں ویکسین کی قلت فوری ختم کی جائے




































