لاہور(ویب ڈیسک،فوٹو فائل) لاہور کے علاقے کاہنہ گجومتہ میں ایک گھر سے خاتون ڈاکٹر اور تین بچوں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں
برآمد ہوئی ہیں۔۔پولیس کے مطابق کاہنہ میں ایک گھر سے ڈاکٹر ناہید اور 3 بچوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، ماں اور تینوں بچوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، سب کو سروں میں گولیاں ماری گئیں۔پولیس کا بتانا ہے کہ مقتولین میں 45 سال کی ڈاکٹر ناہید، 20 سال کا بیٹا تیمور، 15 سال کی بیٹی ماہ نور اور 9 سال کی بیٹی فاطمہ شامل ہیں۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے گھر سے چار افراد کی لاشیں ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے، اور کہا ہے کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے واقعہ کی فوری تحقیقات کی جائیں، ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے اور تمام پہلوؤں کو مد نظر رکھتے ہوئے واقعہ کی انکوائری کی جائے۔
علاوہ ازیں گجومتہ کے علاقے میں خاتون ڈاکٹر اور تین بچوں کے پر اسرار قتل کے واقعے میں گھر کے باہر کھڑی ہونے والی مشکوک گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔پولیس کے مطابق مقتولہ ناہید کے گھر کے باہر کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ہے،جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکٹر ناہید کے گھر کے باہر رات 12بج کر47منٹ پرگاڑی آئی، گاڑی سے بائیں جانب نامعلوم شخص اترا اور گھر میں داخل ہوا۔فوٹیج کے مطابق مشکوک گاڑی گھر کے باہر تقریباً 2گھنٹے تک کھڑی رہی، مقتولین کو وقتا فوقتا گولیاں مار کر قتل کیا گیا پولیس نے گھر کے باہر رکنے والی گاڑی کی تلاش شروع کردی ہے۔
مشکوک گاڑی کو سیف سٹی کیمروں کی مدد سے تلاش کیا جارہاہے۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن عمران کشور کے مطابق فرانزک ٹیموں نے جائے واردات سے شواہد اکٹھے کرلئے اور لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے جناح ہسپتال بھجوادی گئیں ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے شوہر نے طلاق دے کر لیڈی ٹریفک وارڈن سے دوسری شادی کرلی تھی تاہم چارافراد کے قتل کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔