سرینگر (ویب ڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں منگل کو مسلسل114ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے وادی
کشمیر اور جموں کے مختلف علاقوں میں خوف و ہراس کا ماحول اورغیر یقینی صورتحال جاری رہی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی میں تجارتی مراکزبند اور سکول اور دفاتر ویران رہے ہیں۔
انٹرنیٹ، ایس ایم ایس اور پری پیڈ موبائل فون سروسز بھی بدستور معطل ہیں۔ بی جے پی کے سابق رہنماء یشونت سنہا نے مقبوضہ کشمیر کے چار روزہ دورہ کے اختتام پر سرینگر میں صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ وادی کشمیر میں حالات معمول کے مطابق نہیں ہیں اور مقبوضہ علاقے میں خوف کا ماحول پایا جاتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیاکہ اگر بھارت نے کشمیر سے متعلق اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارت فوج کو رواں سال اب تک 23سائبر حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ رواں سال ہونیوالے سائبر حملوں کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلوں میں کہیں زیادہ ہے۔





































