
جنیوا(ویب ڈیسک ،خبر ایجنسی )آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات بھارت میں ہوتی ہیں۔چین کا
دوسرا اور نائیجیریا کا تیسرا نمبر ہے۔پاکستان فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے ۔
گلوبل الائنس آن ہیلتھ اینڈ پولیوشن کی رپورٹ کے مطابق 2017میں آلودگی کی وجہ سے دنیا بھر میں83 لاکھ افراد ہلاک ہوئے۔ پوری دنیا میں ہونے والی مجموعی اموات میں سے 15 فیصد اموات آلودگی کی وجہ سے ہوتی ہیں۔ آلودگی قبل از وقت اموات کا سب سے بڑا ماحولیاتی سبب ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2017میں آلودگی کی وجہ سے بھارت میں 23 لاکھ اور چین میں 18 لاکھ ہلاکتیں ہوئیں۔ تیسرے نمبر پر نائیجیریا، چوتھے پر انڈونیشیا اور پانچویں نمبر پر پاکستان ہے۔فہرست میں امریکا کا نمبر ساتواں ہے جہاں آلودگی سے دو لاکھ افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر آف گلوبل الائنس کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار اس بات کی یاد دلاتے ہیں کہ آلودگی ایک عالمی بحران ہے آپ چاہے امیر ملک میں رہتے ہوں یا غریب ملک میں آلودگی آپ کو تلاش کرلے گی۔
دوسری جانب امریکی ادارے کی ایک تحقیقی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کے ان 5سر فہرست ہے۔ جہاں فضائی آلودگی کے باعث زیادہ اموات ہوتی ہیں اور دنیا بھر میں فضائی آلودگی سے 20ماہ کے تناسب سے عمر میں کمی ہو گی جبکہ جنوبی ایشیا پر اس کا گہرا اثر پڑے گا۔
ہیلتھ ایفیکٹ انسٹی ٹیوٹ اور یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آلودگی دنیا بھر میں سب سے زیادہ اموات کا پانچواں بڑا سبب ہے جو ملیریا ،ٹریفک حادثات ، غذائی قلت یا شراب نوشی کے باعث ہونے والی اموات سے بڑا سبب ہے۔
چین کی جانب سے آلودگی کے خاتمے کیلئے بڑی اصلاحات متعارف کروائی گئیں لیکن چین ان ممالک میں سر فہرست ہے جہاں 2017میں آلودگی کے باعث 8لاکھ 52ہزار افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔





































