
سرینگر(ویب ڈیسک) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں
قابض بھارتی حکام کی طرف سے آج مسلسل ساتویں روز بھی لوگوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر متعدد گاڑیاں ضبط کرلیں گئیں اور مقدمات درج کرلئے گئے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ طبی ودیگر ضروری خدمات کے سوا لوگوں کو نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہے ۔ پولیس نے سری نگر اور مقبوضہ وادی کشمیر کے دیگر ضلعی صدر دفاتر میں سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کر رکھی ہیں ۔دکانیں ، پڑول پمپ اور دیگر کاروباری ادارے بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد ورفت معطل ہے۔ سری نگر اور دیگر اضلاع کے بیشتر علاقوں میں پولیس اپنی گاڑیوں پر لگے ساﺅنڈ سسٹم کے ذریعے لوگوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کر رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے کورونا لاک ڈاﺅن کی خلاف ورزی پر کئی افراد حراست میں لیے ہیں اور کئی دکانیں سیل کر دی ہیں۔ایک پولیس فیسر نے بتایا کہ 29 اپریل سے اب تک کورونا کرفیو اور دیگر ہدایات کی کی خلاف ورزی کرنے پر 2 ہزار3سو 23 افراد پرجرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ 252 افراد حراست میں لیے گئے ہیں۔مقبوضہ علاقے خاص طور پر پر سرینگر میں کورونا کیسز میں غیر معمولی اضافے کی وجہ سے لاک ڈان میں توسیع کر دی گئی ہے۔





































