
بیجنگ(ویب ڈیسک،فوٹو فائل)چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ دوسرے ملکوں کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو
ناکامی ہو گی۔ چینی صدر نے ان خیالات کا اظہار بیجنگ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے ورچوئل سربراہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی جیسے مشترکہ چیلنج سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی معاملات میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوںنے کہا کہ دوسرے ملکوں کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکامی ہوگی۔ چینی صدر نے مزید کہا کہ ہم انصاف، برابری اور مشترکہ ترقی کے عالمی نظام پر یقین رکھتے ہیں۔ ہمیں انسانیت کی مشترکہ اقدار کو لے کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، دنیا میں ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ہر ملک کو ترقی کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
شی جن پنگ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں پر انسانوں کا مستقبل سنوارنے سے متعلق بھاری ذمہ داریاں ہیں۔ دنیا کو کورونا جیسی عالمی وبا، ماحولیاتی تبدیلیوں اور تنازعات کے باعث خطرات کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی آف چائنا عوامی فلاح و بہبود، امن اور برابری کے ایجنڈے کو لے کر آگے بڑھتی رہے گی۔





































