
سرینگر(ویب ڈیسک)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ
کارروائی کے دوران آج ضلع بارہمولہ میں چار اور کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوانوں کو فوجیوں نے ضلع میں اوڑی کے علاقے گھولف میں تلاشی اور محاصرے کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔جنرل آفیسر کمانڈنگ 19ڈویژن اوڑی بریگیڈ وریندرا ویٹس نے ایک پریس کانفرنس میں دعوی کیا ہے کہ اوڑی میں سات روز سے جاری کارروائی کے دوران سات عسکریت پسندوں کو قتل کیاگیا ہے۔
بھارتی فوجیوں نے اوڑی کے متعدد علاقوں میں 16ستمبر کو تلاشی اور محاصرے کی یہ کارروائی شروع کی تھی۔اس سے قبل چار بھارتی فوجی ایک کارروائی کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ایک پولیس افسر کے مطابق شہید کئے گئے نوجوانوں کی میتیں بھارتی فوج نے اوڑی پولیس اسٹیشن بھجوائی ہیں،ادھر غیر قانونی طورپر نظربند حریت کارکن سید نوید مشتاق شاہ کے والد سید مشتاق احمد شاہ جنوبی کشمیرمیں انتقال کر گئے ہیں۔





































