تل ابیب(ویب ڈیسک ) وائٹ ہاﺅس نے اعلان کیا ہے امریکی صدر جو بائیڈن نے حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل کو اضافی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ
کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی صدر نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو آگاہ کیا، کہ حماس کے حملوں کے بعد اضافی امریکی فوجی امداد اسرائیل کے لیے جا رہی ہے۔اس میں سے زیادہ حصہ آنے والے دنوں میں اسرائیل پہنچ جائے گا۔
امریکی ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ بائیڈن اور نیتن یاہو نے اس بات کو یقینی بنانےکیلئے موجودہ کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ اسرائیل کے دشمنوں کو یہ سمجھنے سے روکا جائے کہ وہ جمود کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں یا اسے استعمال کرسکتے ہیں۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے قریب طیارہ بردار بحری جہاز کے اسٹرائیک گروپ کو منتقل کر رہا ہے، اس گروپ میں فورڈ طیارہ بردار بحری جہاز اور اس کی حمایت کرنے والے بحری جہاز شامل ہیں،لائیڈ آسٹن نے مزید کہا کہ امریکہ اسرائیل کو گولہ بارود فراہم کرے گا۔