
اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے دوطرفہ قونصلر رسائی معاہدے کے تحت یکم جولائی کو معمول کے مطابق ایک دوسرے کی تحویل میں موجود قیدیوں کی
فہرستوں کا تبادلہ کر لیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے 250 بھارتی قیدیوں کی فہرست دی، جبکہ بھارت نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو 439 پاکستانی یا پاکستانی سمجھے جانے والے قیدیوں کی فہرست فراہم کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں موجود بھارتی قیدیوں میں 52 سویلین اور 198 ماہی گیر شامل ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے فراہم کی گئی فہرست کے مطابق بھارتی جیلوں میں 386 سویلین پاکستانی یا پاکستانی سمجھے جانے والے افراد اور 53 پاکستانی ماہی گیر قید ہیں۔
پاکستان نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے 97 پاکستانی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کرے جن کی سزائیں مکمل ہو چکی ہیں اور وہ وطن واپسی کے منتظر ہیں، پاکستان نے زور دیا کہ ان قیدیوں کی رہائی میں مزید تاخیر نہ کی جائے تاکہ وہ جلد اپنے اہل خانہ سے مل سکیں۔
دفتر خارجہ نے بھارتی حکام پر یہ بھی زور دیا کہ تمام پاکستانی یا پاکستانی سمجھے جانے والے قیدیوں کو بلا تاخیر قونصلر رسائی فراہم کی جائے، ان کی سلامتی، صحت اور فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔




































