
تھائی لینڈ میں جاری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن ایران کو 1-3 سے ہرا دیا۔ یہ پاکستان کی اس ایونٹ
میں مسلسل پانچویں کامیابی ہے، جس سے قومی ٹیم کی فائنل مرحلے میں پیش قدمی مزید مضبوط ہو گئی ہے۔
کراس اوور راؤنڈ کے گروپ ایف کے اس اہم میچ میں پاکستان نے ایران کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی سمیٹی۔ میچ کا دورانیہ دو گھنٹے سے زائد رہا اور سیٹس کا اسکور 23-25، 19-25، 25-22 اور 29-31 رہا، جو مقابلے کی شدت کو ظاہر کرتا ہے۔
پاکستان کی فتح میں فیضان اللّٰہ، محمد عرفان، محمد جنید اور ساران بیگ نے کلیدی کردار ادا کیا۔ فیضان اللّٰہ نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 23 پوائنٹس حاصل کیے جن میں 21 اٹیک پوائنٹس شامل تھے، جبکہ محمد عرفان نے 16 پوائنٹس کے ساتھ ٹیم کا بھرپور ساتھ دیا۔
شماریاتی اعتبار سے بھی پاکستان نے ایران پر واضح برتری حاصل کی۔ پاکستان نے اٹیک پوائنٹس میں 44 کے مقابلے میں 51 پوائنٹس حاصل کیے، بلاک پوائنٹس میں 11 کے مقابلے میں 15 پوائنٹس لیے۔ سروس پوائنٹس میں البتہ ایران نے سبقت لی۔
پاکستان نے کراس اوور راؤنڈ میں دونوں میچز جیت کر گروپ ایف میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے ابتدائی مرحلے میں کوریا کو شکست دی تھی، جس کے پوائنٹس اسے اگلے مرحلے میں کیری فارورڈ ملے۔





































