
راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک )پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا
پہلا میچ (آج) جمعہ سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا، بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی بار راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
پاکستان ٹیم کی قیادت اظہر علی کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹیم مومن الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی، بنگلہ دیشی ٹیم 17 سال کے طویل عرصہ کے بعد پاکستان کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ کھیلے گی، 2003ءکے بعد بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان کی سرزمین پر طویل فارمیٹ کے معرکے میں شرکت کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 17 سال بعد بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم مومن الحق کی قیادت میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کےلئے پاکستان پہنچ چکی ہے اور میچ کے لئے تیاریوں میں مصروف ہے۔
مہمان ٹیم آخری بار 2003ءمیں پاکستانی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ اس پاکستان کے خلاف طویل فارمیٹ میں ابھی تک کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان شروع ہونے والا دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آئی سی سی ورلڈ چیمپئن شپ کا حصہ ہے ۔
بنگلہ دیشی ٹیم پہلے ٹیسٹ میچ میں شرکت کے بعد اپنے وطن واپس چلی جائے گی اور پھر واحد ون ڈے اور دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں شرکت کے لئے اپریل میں دوبارہ پاکستان آئے گی۔





































