
کرائسٹ چرچ (اسپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ حکومت نے پاکستانی سکواڈ کو ٹریننگ کی اجازت دینے
سے انکار کر دیا۔ نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر ہیلتھ ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ تمام صورتحال جانچنے کے بعد کیا ہے۔
پاکستانی ٹیم میں کورونا کے ایکٹیو کیسز موجود ہیں اور اس وجہ سے وائرس مزید پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ حکومت کی اولین ترجیح صحت عامہ ہے جس میں افراد اور ٹیمیں سب شامل ہیں۔ اس عمل سے مہمان ٹیم کو چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا اور اسے برداشت کرنے پر ہم ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ قومی سکواڈ کے چوتھے معمول کے ٹیسٹ میں تمام 44 ممبران کے نتائج منفی آئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئسولیشن کا مرحلہ 8 دسمبر کو مکمل ہونا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ڈائریکٹر ہیلتھ کی جانب سے یہ اعلان اس وقت کیا گیا جب شیڈول کے مطابق ایک دو دن میں قومی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت ملنی تھی۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم خان نے اس اقدام کو مایوس کن قرار دیا جبکہ کورونا ٹیسٹ منفی آنے والے 44 کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت نہ دینے پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے اس پر بھی مایوسی کا اظہار کیا کہ منفی آنے والے افراد کی ٹیسٹ رپورٹوں کو عام نہیں کیا گیا جبکہ مثبت آنے والے افراد کی اطلاع فوری طور پر دی گئی۔




































