
لاہور( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو ملنے پر سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے
ہوئے کہا کہ یہ بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ پاکستان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ یہ عظیم خبر یقینا لاکھوں پاکستانی شائقین، غیر ملکیوں اور عالمی شائقین کو عظیم ٹیموں اور کھلاڑیوں کو ایکشن میں دیکھنے کے لیے پرجوش کرے گی اور دنیا کو ہماری مہمان نوازی کا نمونہ پیش کرنے کا موقع ملے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کے مطابق ایونٹ کے میچز پاکستان کے تین شہروں میں ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے میچز کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں ہوں البتہ راولپنڈی میں میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ موسم کی صورتحال دیکھ کر کیے جانے کا امکان ہے۔آئی سی سی کے اعلان کے مطابق 2024ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی ویسٹ انڈیز اور امریکا کو تفویض کی گئی ہے۔





































