
دبئی/لاہور(اسپورٹس ڈیسک) انٹر نیشنل کرکٹ کونسل نے 2024 سے2031تک ہونے والے 8میگا ایونٹس کی میزبانی کرنے والے
ممالک کا اعلان کردیا۔2025میں ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کرے گا۔ اس طرح پاکستان کو 29 سال بعد آئی سی سی کے میگا ایونٹ کی میزبانی مل گئی۔ پاکستان 1996کے بعد آئی سی سی کے کسی میگا ایونٹ کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا،پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کی جانب سے 2025کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی ملنے پر مبارکباد کی پوسٹ شیئر کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق 2026 ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے سپرد کی گئی ہے۔ 2027 میں ہونے والے ون ڈے فارمیٹ کے ورلڈ کپ کی میزبانی جنوبی افریقا ، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے۔ 2028کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کریں گے۔ بھارت 2029 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ترافی کی میزبانی کرے گا۔ 2030 میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کی میزبانی میں ہوگا۔





































