
لاہور ( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ یکم
سے پانچ دسمبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، دونوں ممالک کے مابین تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے باقی دو میچز 9 اور 17 دسمبر کو بالترتیب ملتان اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ترجمان پی سی بی نے پیرکو بتایا کہ یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی میں کوئی ٹیسٹ میچ کھیلے گی، پاکستان اس وینیو پر 12 میچز کی میزبانی کرچکا ہے جس میں سے 5میں میزبان ٹیم کو فتح اور 3میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ، آخری مرتبہ 2005 میں پاکستان کا دورہ کرنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو ملتان میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 22 رنز سے شکست ہوئی تھی۔ اس وینیو پر اب تک کھیلے گئے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان نے تین میں کامیابی اور ایک میں ناکامی کا سامنا کیا ہے۔
،ترجمان کے مطابق دونوں ٹیموں کے مابین ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ اسی مقام پر کھیلا جائے گا ،جہاں سال 2000 میں مہمان ٹیم نے ناصر حسین کی زیرقیادت کامیابی حاصل کرکے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان کی مسلسل 34فتوحات کا تسلسل توڑا تھا، اس مقام پر اب تک پاکستان کو 23 ٹیسٹ میچز میں کامیابی اور صرف 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ پی سی بی ذاکر خان کا کہنا ہے کہ انہیں انگلینڈکے ٹیسٹ سکواڈ کی ایک مرتبہ پھر پاکستان میں میزبانی کرنے پر بہت خوشی ہوگی۔





































