
دوحہ (اسپورٹس ڈیسک)فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام قطر میں جاری 22 ویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ۔
پری کوارٹر فائنل راﺅنڈ مکمل ہونے کے بعد د سب سے زیادہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل ، کروشیا ، نیدرلینڈز ، دوبار کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن ،مراکش ،پرتگال ،انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کی ٹیمیں کوارٹر فائنل راﺅنڈ میں پہنچ چکی ہیں۔ بائیسواں واں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے۔
فٹ بال ورلڈ کے قطر میں سجے عالمی میلے میں شائقین فٹ بال کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے کامقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل راﺅنڈ 9 دسمبر سے شروع ہوگا اور 9 دسمبر کو دو کوارٹر فائنلز کا فیصلہ ہوگا۔
پہلا کوارٹر فائنل میچ سب سے زیادہ پانچ بار کی عالمی چیمپئن برازیل اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا اور یہ میچ ایجوکیشن سٹی سٹیڈیم، الریان میں پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگاجبکہ دوسرے کوارٹر فائنل میچ میں نیدرلینڈز اور دوبار کی عالمی چیمپئن ارجنٹائن کی ٹیمیں لوسیل آئیکونک اسٹیڈیم، لوسیل میں آمنے سامنے ہوں گی،اور یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 12 بجے شروع ہوگا۔
دس دسمبر کو میگا ایونٹ کے تیسرے کوارٹر فائنل میں مراکش کا مقابلہ پرتگال کے خلاف الثمامہ سٹیڈیم، دوحہ میں ہوگا اور یہ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہوگاجبکہ چوتھا اور آخری کوارٹر فائنل میچ انگلینڈ اور دفاعی چیمپئن فرانس کے درمیان البیت اسٹیڈیم، الخور میں کھیلا جائے گا جو رات 12 بجے شروع ہوگا۔




































