
لاہور( اسپورٹس ڈٖیسک،فوٹوفائل )سابق ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی ذمہ داریوں سے الگ ہونے کا
فیصلہ کرلیا ہے، اور ذرائع کے مطابق وہ اپنا استعفیٰ پی سی بی کو بھجوا چکے ہیں۔ اظہر علی حال ہی میں قومی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے اور ساتھ ہی یوتھ ڈیولپمنٹ کے ہیڈ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے تھے۔ ان دونوں اہم ذمہ داریوں سے علیحدگی نے کرکٹ حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے۔
ذرائع کے مطابق امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اظہر علی کے استعفے کی بنیادی وجہ پی سی بی میں سابق کپتان سرفراز احمد کی انٹری ہے۔ سرفراز احمد کو حال ہی میں پاکستان شاہینز اور پاکستان انڈر 19 ٹیموں کا انچارج مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد بورڈ کے اندر ذمہ داریوں کی ازسرِنو تقسیم ہوئی۔ اسی تبدیلی کو اظہر علی کے فیصلے کا ممکنہ سبب قرار دیا جارہا ہے۔
پی سی بی میں حالیہ انتظامی اور انتخابی ڈھانچے میں تبدیلیوں نے کئی سابق کرکٹرز کے کردار اور آئندہ پالیسیوں پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، جبکہ آئندہ دنوں میں مزید تبدیلیوں کا امکان بھی رد نہیں کیا جارہا۔




































