
لاہور( اسپورٹس ڈیسک )پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کو بین الاقوامی سطح پر مزید فروغ دینے کے لیے لندن میں
خصوصی روڈ شو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو 7 دسمبر کو کرکٹ کے تاریخی گھر، لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایس ایل کا روڈ شو دنیا کے سب سے معتبر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔
اس خصوصی تقریب میں پاکستان کرکٹ کے نمایاں ستارے بابر اعظم، حارث روف، صاحبزادہ فرحان کے ساتھ سابق کپتان وسیم اکرم اور رمیز راجہ بھی شریک ہوں گے، جبکہ معروف گلوکار علی ظفر اپنی آواز کا جادو بکھیر کر تقریب کو مزید یادگار بنائیں گے۔پی سی بی کے اعلیٰ حکام بھی لندن روڈ شو کا حصہ ہوں گے۔ اس تقریب کے بعد پی ایس ایل کا ایک اور روڈ شو امریکہ میں بھی منعقد کیا جائے گا، جس کا مقصد لیگ کو دنیا بھر میں نئے انداز سے متعارف کروانا ہے۔
پی سی بی کے مطابق لندن میں ہونے والا یہ روڈ شو دراصل پی ایس ایل کے وژن، کاروباری ماڈل اور مستقبل کی حکمتِ عملی کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ لارڈز میں روڈ شو کا انعقاد پاکستان کرکٹ کی عالمی شناخت کی مضبوطی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق لندن کا یہ شو پی ایس ایل کی بین الاقوامی مقبولیت میں مزید اضافہ کرے گا اور دنیا بھر میں پاکستانی کرکٹ کے مثبت امیج کو مضبوط بنائے گا۔





































