
دبئی ( اسپورٹس ڈیسک )دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے
دی۔ بارش کے باعث ٹاس تاخیر سے ہوا اور میچ کو 49 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 240 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو 241 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد سیام اور عبدالسبحان نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے تین، تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ نقب شفیق نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں قومی انڈر 19 ٹیم خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 150 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے حذیفہ احسن نے 70 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر بھارتی بولرز کے سامنے دیر تک کریز پر نہ ٹھہر سکا,یوں روایتی حریفوں کے درمیان کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور بھارت نے انڈر 19 ایشیا کپ میں کامیابی حاصل کر لی۔





































