
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نےآئی سی سی مینزٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
ہے۔ اس ایونٹ میں بھارتی ٹیم کی قیادت سوریا کمار یادو کریں گے جبکہ نائب کپتان کی ذمہ داری آل راؤنڈر اکشر پٹیل کو سونپی گئی ہے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں چند اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں، جن میں شبھمن گل کو ٹیم سے ڈراپ کرنا نمایاں فیصلہ ہے۔ سوریا کمار یادو کی قیادت میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابھیشیک شرما، سنجو سیمسن، تلک ورما، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، رنکو سنگھ اور اکشر پٹیل شامل ہیں۔
بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں جسپریت بمرا، ہرشت رانا اور ارشدیپ سنگھ فاسٹ بولنگ کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ اسپن کی ذمہ داری کلدیپ یادیو، ورن چکرورتی اور واشنگٹن سندر کے سپرد کی گئی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر کے طور پر ایشان کشن کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا میں ہوگا، جہاں دنیا بھر کی بہترین ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل آئیں گی۔





































