لاہور (اسپورٹس ڈیسک)قومی اور بین الاقوامی خواتین کرکٹ کے فرق کو کم کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمنز کرکٹ سیزن برائے 23-2022 کا
اعلان کردیا ہے اس سیزن کے دوران قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں 8 انٹرنیشنل سیریزکھیلے گی۔
ان انٹرنیشنل سیریز میں آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ، آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمزاور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ بھی شامل ہیں۔سری لنکا کی خواتین کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلنے مئی میں پاکستان آئے گی۔
یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ کے کسی میچ کی میزبانی کرے گا۔مہمان ٹیم کے اس دورہ میں تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی شامل ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم ستمبر میں چین روانہ ہوگی، جہاں وہ ایشین گیمز میں شرکت کریگی، پھر اکتوبر نومبر میں آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کریگی، اس دوران مہمان ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔اسی طرح سیزن 23-2022 کے دوران ڈومیسٹک سطح پر بھی خواتین کرکٹ کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
سیزن کا پہلا ایونٹ، قومی انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ اگست میں مریدکے میں کھیلا جائے گا، جہاں چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔اس ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرکٹرز کو بعدازاں ویمنز کرکٹ سیزن 23-2022 میں سینئر ٹیموں کی نمائندگی کا موقع بھی دیا جائے گا۔





































