
ملتان(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپرلیگ کے دسویں میچ میںبھی ملتان سلطانز نے اپنی فتح کاسلسلہ
برقراررکھتے ہوئے کراچی کنگز کو52رنز سے شکست دیدی اور ہوم گراﺅنڈ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرنے کے بعد ٹورنامنٹ کے پوائنٹس ٹیبل پرپہلے نمبر آگیا۔جمعہ کے روز ہونےوالے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والا میچ عملاً یکطرفہ رہا۔
ملتان سلطانز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر186رنزبنائے اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 187رنز کاہدف دیا۔ ملتان سلطانز کی جانب سے معین علی نے 65،شان مسعود نے61اور ذیشان اشرف 23رنز بنا کر نمایاں رہے۔ روسو8، بوپارہ 9اور خوشدل خان نے 19رنز بنائے۔ شاہد آفریدی ایک رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے عامر اور جارڈن نے دو، دوجبکہ افتخار اور آصف نے ایک ایک کھلاڑی کوآﺅٹ کیا۔
دوسری اننگز میں کراچی کنگز نے 187رنز کے ہدف کے تعاقب میں کھیلتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا لیکن شرجیل خان 19رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے جبکہ بابر اعظم بھی کوئی خاص اننگز نہ کھیل سکے اورصرف 13رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
الیکس ہیلز نے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے چارچوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 29رنز بنائے مگروہ شاہدآفریدی کی بال پر شان مسعودکوکیچ دے بیٹھے اور آﺅٹ ہوگئے۔شاہدآفریدی اور عمران طاہر نے ڈلپورٹ ، عماد وسیم اور جارڈن کو آﺅٹ کرکے ملتان سلطانز کی جیت کے لیے راہیں ہموارکردیں۔افتخار احمد14 اور عمید آصف 20رنز بناسکے۔کراچی کنگز کی آخری وکٹ محمد عامر کی تھی جنہیں سہیل تنویر نے 17ویں اوور کی آخری بال پر بولڈ کردیا۔




































