
دبئی (اسپورٹس ڈیسک):آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے بنگلہ دیش کو عبرتناک شکست سے دوچار کردیا' آسٹریلیا نے 74 رنز
کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر 7ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا ایڈم زمپا کو شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
جمعرات کو دبئی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا،بنگلہ دیش کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 73 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ اننگز کے 5 اوور باقی تھے۔ آسٹریلوی باﺅلرز کے سامنے بنگلہ دیشی بلے باز بے بس دکھائی دیئے' شمیم حسین19 رنز کے ساتھ نمایاں ہے۔ محمد نائم 17' کپتان محمد اللہ 16 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔
آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور صرف 19 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ فاسٹ باﺅلر مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے دو دو جبکہ گلین میکسویل نے ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے 74 رنز کا ہدف ساتویں اوور میں2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ کپتان ایرون فنچ نے 20 بالوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی' ڈیوڈ وارنر 18 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔ مچل مارش 16 رنز کے ساتھ ناٹ آﺅٹ رہے۔
بنگلہ دیشی باﺅلر تسکین احمد اور شریف الاسلام نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، آسٹریلوی سپنر ایڈم زمپا کو شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔





































