
دبئی: وزیراعظم عمران خان اور عالمی مالیاتی فنڈز کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں بیل آؤٹ پیکیج پر بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹین لوگارڈ کے درمیان دبئی میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات دبئی میں ہونے والی ورلڈگورنمنٹ سمٹ کےموقع پرہوئی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اوروزیر خزانہ اسد عمر بھی موجود تھے۔ اس دوران معاشی صورتحال اور بیل آؤٹ پیکیج پر گفتگو گئی۔
آئی ایم ایف نےعمران خان سے ملاقات کی تفصیلات کے بارے میں اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ سربراہ آئی ایم ایف کی ملاقات اچھی اور تعمیری رہی جس میں پاکستان کی خوشحالی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان امدادی پروگرام پر جاری مذاکرات کے تناظر میں پاکستان کی اقتصادی ترقی اور بحالی پر بات چیت ہوئی۔
سربراہ کرسٹینا لوگارڈ نے پاکستان کو نئے پروگرام کی فراہمی کے بارے میں اپنے عزم کو دہرایا اور کہا کہ ادارہ پاکستان کی مدد کے لیے تیار ہے تاہم پاکستان کو اقتصادی بحالی اور پائیدار و مضبوط اقتصادی نشوونما کی بنیاد رکھنے کے لیے فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اکنامک ریفارمز پر مبنی پیکیج متعارف کرانا ہوگا کیوں کہ فیصلہ کن پالیسیوں اور مضبوط اقتصادی اصلاحات سے ہی پاکستان اقتصادی ترقی کے قابل ہوگا۔
بعد ازاں ملاقات کے بعد وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹین لوگارڈ سے ملاقات میں پاکستان کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے گہرائی میں اسٹرکچرل اصطلاحات کی ضرورت پر دونوں میں مکمل ہم آہنگی پائی گئی اور یہ اقدامات پاکستانی معاشرے میں انتہائی پسماندہ گوشوں کے تحفظ کے لیے بہت ضروری ہے۔





































