
کراچی ( رنگ نو ڈاٹ کام ) کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالا نہ الیکشن-2020- 2019 میں بی ایم جی
گروپ کے آغا شہاب احمد خان صدر ، ارشد اسلام سینئر نائب صدر اور شاہد اسماعیل نائب صدر بالاترتیب صدر،سینئرنائب صدر کامیاب ہوگئےجنرل باڈی اجلاس میں آغا شہاب بحیثیت صدر، ارشد اسلام سینئر نائب صدر، شاہد اسماعیل نائب صدر چارج لیں گے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ایک اعلامیے میں بتایا کہ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) سے تعلق رکھنے والے کے سی سی آئی کے عہدیداروں کی نشستوں پر سال 2019-20کے لیے تمام تینوں امیدوار آغا شہاب احمد خان، ارشد اسلام اور شاہد اسماعیل بالاترتیب صدر،سینئرنائب صدر اور نائب صدر کے عہدوں کے لیے بلامقابلہ کامیاب قرار پائے ہیں۔
بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کراچی کی تاجروصنعتکار برادری کی جانب سے بی ایم جی کی پالیسیوں کی حمایت اور بھروسہ کرنے پر ان کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے بی ایم جی گزشتہ22سالوں سے بغیر کوئی نشست ہارے کے سی سی آئی کے تمام انتخابات میں کامیابی حاصل کرتا چلا آرہاہے۔گزشتہ سال مخالفین کو دگنے ووٹوں سے بدترین شکست بھی دی اور اللہ رب العزت نے بی ایم جی اینز کو ایک بار پھر بلامقابلہ فتح سے ہمکنار کیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ 22سالوں سے کامیابی بزنس مین گروپ کی عوامی خدمت کا اعتراف ہے جو اس بات کی بھی گواہ ہے کہ تاجروصنعتکار برادری کی اکثریت بی ایم جی کی پالیسیوں سے متفق ہے کیونکہ وہ یہ سمجھتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ بی ایم جی اینز اُن کی بہتری کے لیے بے لوث خدمت کررہے ہیں۔
چیئرمین بی ایم جی نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب بی ایم جی اینز تاجروصنعتکار برادری کی مشکلات دور کرنے کے لیے اپنی ہر ممکن کوشش کریں گے اور عوامی خدمت کے جذبے کو آگے بڑھائیں گے جو بی ایم جی کا مقصد ہے۔
کے سی سی آئی کے اعلامیے کے مطابق چونکہ تمام عہدیدار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں لہٰذا عہدیداروں کے انتخاب کے لیے منیجنگ کمیٹی کاجمعرات 26ستمبر2019 کو ہونے والا اجلاس اب منعقد نہیں ہوگا۔ایگزیکٹیو کمیٹی کے اراکین اور عہدیداروں کے انتخابات کے حتمی نتائج کا باقاعدہ اعلان ہفتہ 28ستمبر2019کو جنرل باڈی اجلاس میں کیا جائے گا جس میں سبکدوش ہونے والے عہدیدارسال برائے 2019-20کے لیے منتخب ہونے والے نئے عہدیداروں کو ذمہ داریاں سونپیں گے۔




































